Dec ۱۳, ۲۰۲۵ ۱۷:۵۳ Asia/Tehran
  • صیہونی حکومت سے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کا اقوام متحدہ کا مطالبہ

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک نئی قرارداد منظور کی ہے جس میں تل ابیب سے غزہ کے بارے میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سحرنیوز/دنیا: صیہونی حکومت کے ہاتھوں غزہ میں جنگ بندی کی خلاف ورزی جاری رہنے کے دوران اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک نئی قرارداد منظور کی ہے جس میں تل ابیب سے اس خطے کے بارے میں عالمی عدالت انصاف کے فیصلے پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا گيا ہے کہ غزہ میں مکمل طور پر انسان دوستانہ امداد کی ترسیل کے لئے حالات فراہم کرے، اقوام متحدہ کے مقامات کی حفاظت کرے اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق اپنے وعدوں کی پابندی کرے-

یہ قرارداد عالمی عدالت انصاف آئی سی جے کے حالیہ مشاورتی فیصلے کے بعد منظور کی گئی ہے کہ جس میں غاصب طاقت اور اقوام متحدہ کے رکن کے طور پر اسرائیل کی ذمہ داریوں کو بیان کیا گیا ہے۔ اس قرارداد کی حمایت میں، جو ناروے اور ایک درجن سے زائد دیگر ممالک کی طرف سے پیش کی گئی، ایک سو انتالیس  جبکہ مخالفت میں بارہ ووٹ ڈالے گئے اور انیس ممالک نے ووٹنگ میں حصہ نہيں لیا۔

اقوام متحدہ میں ناروے کی مستقل ایلچی میرٹے فیلڈ بروسٹڈ نے ووٹنگ سے قبل کہا کہ دوہزار چوبیس کا سال، گزشتہ تین دہائیوں میں سب سے زیادہ پرتشدد برسوں میں سے ایک تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوہزار پچیس بھی اسی راستے پر گامزن ہے اور اس کی بہت کم علامات ظاہر ہیں کہ آنے والے سال دوہزار چھبیس میں جاری تشدد میں کمی آئے گی۔

ادھر امریکی نمائندے جیف بارٹوس نے ووٹنگ سے قبل اس قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے اسرائیل کی حمایت اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور اس کی قراردادوں کے خلاف بات کی تاہم امریکی نمائندے کی کوششوں اور بیانات کے باوجود قرارداد منظور کر لی گئی۔

پانچ دسمبر کو بھی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے بھاری اکثریت سے فلسطین کے حق میں پانچ قراردادیں منظور کی تھیں جن میں انروا کے مشن کی مدت میں توسیع، صیہونی بستیوں کی تعمیر کی مذمت اور فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کی حمایت شامل تھی۔

اگرچہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد پر عمل درآمد کی ضمانت نہیں ہوتی ہے لیکن یہ فلسطینی پناہ گزینوں کے حقوق کے لیے بین الاقوامی برادری کی حمایت اور عالمی سطح پر اسرائیل کی بڑھتی ہوئی تنہائی کو ظاہر کرتی ہیں۔

 

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

ٹیگس