Aug ۲۴, ۲۰۱۷ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • قطر کے سفیر کی تہران واپسی

قطر کے وزیر خارجہ نے اپنا سفیر دوبارہ تہران بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطر کا سفیر تہران بھیجنے کا مقصد ایران اور قطر کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنا ہے۔ بعض رپورٹوں میں کہا گیا ہے کہ قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کو فون کر کے قطر کے سفیر کی تہران واپسی کی خبر دی ہے۔
قطر نے جنوری دوہزار سولہ میں سعودی عرب کے دباؤ میں آکر تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا۔
قطر کے وزیر دفاع نے حال ہی میں کہا ہے کہ سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے قطر پر ظالمانہ پابندیاں عائد کئے جانے کے بعد یہ اسلامی جمہوریہ ایران تھا جس نے قطر ایئرلائن  کے لئے اپنی فضائی حدود کھول کر دوحہ کو سانس لینے کا موقع دیا۔
خالد بن محمد العطیہ نے کہا کہ ایران نے قطر کے طیاروں کے لئے اپنے فضائی حدود کھولنے کے ساتھ ہی غذائی اشیاء سمیت دوحہ کی بعض ضروریات بھی پوری کی ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام نے ہمیشہ ہی اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ قطر اور علاقے کے دیگر ممالک کی مدد ایرانی عوام کی اسلامی و دینی ذمہ داری ہے کہا ہے کہ اس وقت قطر کو جن مسائل کا سامنا ہے اس کے پیش نظر ایران، قطر کے عوام کی ضروریات پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک مصر، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے پانچ جون کو قطر کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے اس ملک پر اپنی زمینی، بحری اور فضائی سرحدیں بند کر دی ہیں۔
قطر کا بائیکاٹ کرنے والے چاروں ممالک نے دوحہ پر ریاض کی سربراہی والے اتحاد کے ساتھ ہماہنگ نہ ہونے کا الزام لگایا ہے۔

ٹیگس