شام کے سلسلے میں سعودی وزیرخارجہ کا نیا بیان
سعودی وزیرخارجہ نے آل سعود سے وابستہ شامی حکومت کے مخالفین سے کہا ہے کہ وہ شام میں اقتدار تک پہنچنے کے لئے نئے راستے تلاش کریں۔
ایسوشی ایٹڈ پریس نے ایک سعودی عہدیدار کے حوالے سے جس نے اپنا نام ظاہرنہ کرنے کی درخواست کی ہے خبردی ہے کہ سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر نے ابھی تک کھل کر نہیں کہا ہے کہ شام کے صدر بشار اسد شاید مسند اقتدار پر باقی رہیں گے تاہم ا نہوں نے شامی حکومت کے مخالفین سے کہا ہے کہ وہ مسند اقتدار تک پہنچنے کے لئے نئے راستےتلاش کریں۔
مذکورہ عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر نئے راستوں کے انتخاب کی بات کریں تو ایسے میں بشاراسد کے اقتدار میں رہنے یا نہ رہنے کا معاملہ کیا ہوگا۔
سعودی عرب سے وابستہ شامی حکومت کے مخالفین نے جو بشاراسد کے اقتدار میں رہنے کے خلاف ہیں منگل کو ریاض میں ایک اجلاس تشکیل دیا تھا جس میں جنیوا مذاکرات کے لئے مخالفین کی طرف سے ایک متحدہ وفد بھیجنے پر غور کرنا تھا البتہ یہ اجلاس بھی ناکام ہوگیا۔
شام کے حالات کا جائزہ لینے کے لئے جنیوا مذاکرات ستمبرمیں ہونےوالے ہیں۔
اس سے پہلے شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے اسٹیفن ڈی میستورا نے شامی حکومت کے مخالفین سے کہا تھا کہ وہ جنیوا مذاکرات کے لئے اپنے موقف کو یکساں بنائیں کیونکہ اس سے پہلے کے مذاکرات بے سود ثابت ہوئے تھے۔