آستانہ مذاکرات کی کامیابی امریکا کے لئے خوشایند نہیں، شامی وزیرخارجہ
شام کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ آستانہ مذاکرات کی کامیابی امریکا کے لئے خوشایند نہیں ہے۔
شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ آستانہ مذاکرات کا چھٹا دور کامیاب رہا، کہا کہ امریکا ان مذاکرات میں پیشرفت سے خوش نہیں ہے-
شامی حکومت اور شام میں وسیع جنگ بندی قبول کرنے والے مسلح گروہوں کے نمائندوں اور ایران، روس اور ترکی کے وفود کی شرکت سے آستانہ میں اب تک مذاکرات کے چھے دور منعقد ہو چکے ہیں-
شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکا نہیں چاہتا کہ دہشت گردوں کو شام میں شکست ہو، کہا کہ شام میں دہشت گرد گروہوں خاص طور پر جبہہ النصرہ کے لئے امریکا کی حمایت دوگنا ہو گئی ہے-
دوسری جانب روسی وزیرخارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ ان کا ملک، شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا کو کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کرنے کی اجازت نہیں دے گا-
روسی وزیرخارجہ نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر شامی وزیرخارجہ سے ملاقات میں کہا کہ ماسکو امریکا اور اس کے اتحادیوں کو اس بات کی اجازت نہیں دے گا کہ وہ شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹیں کھڑی کریں-