ظالم کے سامنے سینہ سپرہونے کے لئے حسینی فکرکی ضرورت
اہل سنت عالم دین ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کے لئے حسینی فکر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
کراچی میں مرکز اہلسنت میں منعقدہ سید الشہداء کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) نے کربلا کے میدان میں پوری انسانیت کی بقاء اور ظلم و اندھیروں کو ختم کرنے کے لئے عظیم قربانی دی، حضرت امام حسین (ع) نے ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور مظلوموں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا پیغام دیا ہے۔
سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ حضرت امام حسین (ع) کی قربانی ایمان کی صداقتوں کو سب سے بڑا خراج عقیدت ہے، سیدنا حضرت امام حسین (ع)نے لازوال قربانی دے کر ظالموں سے ٹکرانے اور ڈکٹیٹروں پر چھا جانے کا حوصلہ عطا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام کے خلاف انگلی اٹھانے والے دہشتگرد یزید کے پیروکار ہیں، دہشتگردوں کا مقابلہ حسینی جذبے سے سرشار ہو کر کریں گے، باطل کے سامنے حق ڈٹ جاتا ہے اور ہمیشہ فتح حق کی ہوئی ہے، 65 ہزار پاکستانیوں کو دہشتگردی کا ایندھن بنانے والے یزید کے پیروکار ہمیں ختم تو کر سکتے ہیں، مگر ہمارے دلوں سے اہلبیتؑ کی محبت نہیں نکال سکتے۔
ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ سیدنا حضرت امام حسین(ع) صبر و استقامت اور برداشت کے پیکر تھے، ظالم کے سامنے ڈٹ جانے کے لئے حسینی فکر کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے، حضرت امام حسین(ع) نے کربلا کے میدان میں پوری انسانیت کی بقاء اور ظلم و اندھیروں کو ختم کرنے کے لئے عظیم قربانی دی۔
انہوں نے کہا کہ ظلم کے خلاف آواز بلند نہ کرنے والوں کا شمار بھی ظالموں کے ساتھ ہوتا ہے، حضرت امام حسین(ع) نے ظالم کے سامنے ڈٹ جانے اور مظلوموں کے حقوق کا تحفظ کرنے کا پیغام دیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعہ کربلا ہمیں صبر، برداشت، رواداری اور محبت بانٹنے کا پیغام دیتا ہے، فرقہ واریت پھیلانے والے ملک اور اسلام دشمن ہیں، ایسے عناصر کی ہر سطح پر سرکوبی ہونی چاہیے۔
درایں اثنا جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی صدر پیراعجاز احمد ہاشمی کا کہنا تھا کہ اتحاد امت کا عملی مظاہرہ ہی اسلام کی مضبوطی کا باعث ہے، اس لئے فرقہ وارانہ تعصبات سے دور رہنا اور اختلافات کی بجائے مشترکات کو فروغ دینا ہی وقت کا تقاضا ہے ۔
پیراعجاز احمد ہاشمی نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے عشرہ محرم الحرام کے دوران مثالی اتحاد امت کے مظاہرے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ شیعہ سنی کے درمیان ایسی خوشگوار فضا سارا سال جاری رہنی چاہیے تاکہ اسلام دشمن شرپسند عناصر اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تمام کلمہ گو اہلبیتؑ سے محبت کرتے ہیں، خانوادہ رسالت سے منہ موڑنے کا کوئی مسلمان تصور بھی نہیں کر سکتا۔
پیر اعجاز ہاشمی کا کہنا تھا کہ کسی دہشتگرد کالعدم تنظیم کا اہلسنت سے کوئی تعلق نہیں، پُرامن مسلک کا نام استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔