میانمار میں روہنگیامسلمانوں کے قتل عام کی مذمت
روس میں انٹر پارلیمنٹری یونین کے اجلاس کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی کوششوں سے روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف قرارداد مذمت منظور کر لی گئی
روس کے شہر سن پیٹرزبرگ میں انٹرپارلیمنٹری یونین آئی پی یو کے اجلاس کے دوران میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی مذمت کے لئے ایران اور سات دیگرممالک کی جانب سے پیش کی گئی شق کو بھاری ووٹوں سے منظور کر لیا گیا - مذمتی قرار داد ایران ، بنگلادیشن، انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات، مراکش، ترکی اور سوڈان نے پیش کی- اس قرارداد کی بنیاد پر اجلاس کے شرکاء نے میانمار میں مسلمانوں کے لئے کھڑے کئے جانے والے انسانی بحران کے خاتمے کا مطالبہ کیا- اس قرارداد کی شق میں روہنگیا مسلمانوں کے خلاف وحشیانہ حملوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ روکنے اور پناہ گزینوں کی محفوظ وطن واپسی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے- میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر انتہاپسند بدھسٹوں اور فوج کے حملے جاری ہیں اور عالمی برادری صرف تماشائی بنی ہوئی ہے - رپورٹوں کے مطابق روہنگیا مسلمانوں پر انتہاپسند بدھسٹوں کے حملوں میں حالیہ مہینوں میں تیزی آئی ہے جس کے نتیجے میں بچوں اور عورتوں سمیت ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوگئے ہیں-