آل سعود حکومت کی کارکردگی پر قطر کے وزیرخارجہ کی تنقید
قطر کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ان کا ملک بحران کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا تھا لیکن سعودی عرب قطر کو غیر مستحکم کرنا اور کشیدگی بڑھانا چاہتا ہے
قطر کے وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی نے سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے تاکید کی کہ قطر کے خلاف سعودی عرب اور تین دیگر عرب ممالک نے جو اقدامات کئے ہیں ان سے انتہا پسندی کو تقویت ملی ہے - سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، مصر اور بحرین نے جون کے مہینے میں سعودی عرب کی پالیسیوں سے قطر کے ہماہنگ نہ ہونے کے باعث اس ملک کے ساتھ اپنے سیاسی و تجارتی تعلقات ختم کرتے ہوئے اس ملک کا فضائی و بحری محاصرہ کر رکھا ہے - قطر کے وزیرخارجہ نے کہا کہ قطر کے لئے دواؤں اور غذاؤں کی ضروریات زیادہ تر زمینی راستے سے پوری ہوتی تھیں جو اس وقت سعودی عرب نے بند کر دیئے ہیں- انھوں نے کہا کہ قطر کے فضائی محاصرے کا مطلب یہ ہے کہ قطر ایئرلائنس کے طیارے صرف شمالی قطر سے ایران کی جانب پرواز کر سکتے ہیں-