استعفے کے بارے میں حریری کا بیان
لبنان کے مستعفی وزیراعظم سعد حریری نے کہا ہے کہ انھوں نے سیکورٹی خطرات کی بنا پر استعفی دیا ہے۔
حریری نے اتوار کے روز لبنان کے المستقبل ٹی وی سے گفتگو میں سعودی عرب جا کر استعفی دینے اور وہاں رکنے نیز ایک ہفتے کی اپنی خاموشی کی طرف کوئی اشارہ کئے بغیر کہا ہے کہ انھوں نے بڑھتے ہوئے سیکورٹی خطرات کی بنا پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ مستعفی ہونے کے بعد سعودی عرب میں اپنے ذاتی مکان میں رکے ہوئے ہیں اور انھیں کچھ ایسی اطلاعات اور رپورٹیں موصول ہوئی ہیں جن کی بنا پر انھوں نے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
حریری نے سیکورٹی خطرات کی کوئی وضاحت کئے بغیر ایک بار پھر علاقے میں حزب اللہ کے منفی کردار کے بارے میں دعوی کیا۔
انھوں نے المستقبل سے یہ گفتگو ایسی حالت میں کی ہے کہ لبنان کے بیشتر ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ان کی اس گفتگو کا بائیکاٹ کریں گے۔