ٹرمپ کی اسلام دشمنی
جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی اسلام دشمنی کھل کر سامنے آگئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکی صدر کے اس اقدام سے پوری اسلامی دنیا میں اضطراب کی لہر دوڑ گئی ہے، ٹرمپ نے یہ قدم اٹھا کر پوری اسلامی دنیا کو چیلنج کیا ہے، اب 56 اسلامی ملکوں کے فوجی اتحاد کو ٹرمپ کے اس اقدام کا منہ توڑ جواب دینا چاہئے اور پاکستان کی حکومت فوری طور پر امریکی سفیر کو طلب کر کے سخت ترین احتجاج ریکارڈ کرائے۔ انہوں نے کہا کہ جس صلیبی جنگ کا آغاز اوباما نے کیا تھا ٹرمپ کے اس فیصلے نے مشرق وسطٰی میں اسی صلیبی جنگ کی آگ کو مزید بھڑکا دیا ہے۔
صاحبزادہ ابوالخیر زبیر نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی قبضے کو مسلمان کسی صورت برداشت نہیں کرسکتے، امریکہ نے پوری دنیا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے، اقوام عالم اسرائیل اور امریکہ کے مسلم کش اقدامات کے خلاف فوری ایکشن لیں، اُنہوں نے حکومت پاکستان کو متنبہ کیا کہ 56 اسلامی ممالک کے فوجی اتحاد کی کمان پاکستان کے پاس ہے، لہذا غیرت ایمانی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف جہاد اکبر کا اعلان کیا جائے، امریکی سفیر کو طلب کر کے سخت ترین احتجاج ریکارڈ کرایا جائے اور اسلامی ممالک کی تنظیم OIC اپنا کردار ادا کرے۔