Dec ۱۱, ۲۰۱۷ ۱۸:۲۳ Asia/Tehran
  • شام کے شہر لاذقیہ میں روس اور شام کے صدور کی ملاقات

شام کے صدر بشار اسد نے پیر کے روز لاذقیہ میں حمیمیم اڈے میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کے دوران شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس کی بھرپور شرکت کی قدردانی کی ہے۔

شام کے صدر بشار اسد نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ شامی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں روس  کی فوجی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔

اس ملاقات میں روسی صدر ولادیمیر پوتن نے بھی اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ شام سے بڑی تعداد میں روسی فوجیوں کو واپس بلا لیا جائے گا، کہا کہ روس اور شام کی افواج دو سال کے اندر اعلی فوجی توانائی کے حامل بین الاقوامی دہشت گردوں کو شکست دینے میں کامیاب رہی ہیں اور اگر دہشت گردوں نے پھر سر اٹھایا تو روس ان پر ایسی کاری ضرب لگائے گا کہ جس کا انھوں نے تصور بھی نہیں کیا ہو گا۔

روسی صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ شام میں طرطوس اور حمیمیم میں روس کے دو فوجی اڈے مستقل طور پر موجود رہیں گے، امید ظاہر کی کہ ترکی اور ایران کے تعاون سے، جو دہشت گردی کی بیخ کنی کرنے میں شامل رہے ہیں، شام میں امن کا عمل اور لوگوں کی معمول کی زندگی بحال ہو جائے گی اور قیام امن کا عمل شروع ہو جائے گا۔

ٹیگس