بیت المقدس فلسطین کا دارالحکومت او آئی سی کا اعلان
او آئی سی نے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دے دیا۔
ترکی کے شہر استنبول میں او آئی سی کے ہنگامی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اسلامی برادری نے مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطین کا دارالحکومت قرار دے دیا ہے اور عالمی برادری سے اسے تسلیم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکی صدر کا فیصلہ امن عمل کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے کے مترادف ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے دہشت گردی اور انتہاء پسندی بڑھے گی۔
پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے او آئی سی کے سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس کو اسرائیل کا صدر مقام تسلیم کرنے اور امریکی سفارتخانہ تل ابیب سے مقبوضہ بیت المقدس منتقل کرنے کے اقدام کی پرزور مذمت کی۔
اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، آزاد فلسطینی ریاست کا قیام چاہتا ہے اور ہم فلسطینیوں کی منصفانہ جد و جہد کے ساتھ کھڑے ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم نے مزید کہا کہ امریکی اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، امریکہ اپنا فیصلہ واپس لے، مقدس شہر کی تاریخی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش ناقابل برداشت ہے۔