Dec ۱۷, ۲۰۱۷ ۱۰:۲۰ Asia/Tehran
  • دنیا بھر میں ٹرمپ کے خلاف اور قدس کے حق میں مظاہرے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دینے اورامریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے خلاف پاکستان،ہندوستان، الجزائر اور جرمنی سمیت دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

پاکستان کے شہرراولپنڈی میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن راولپنڈی ڈویژن کے زیراہتمام کمرشل مارکیٹ سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے مری روڈ پر پہنچی، اس موقع پر شرکاء کی جانب سے امریکہ اوراسرائیل کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا اور امریکی صدر کے اس فیصلے کو مسترد کیا گیا، احتجاجی ریلی سے مجلس وحدت مسلمین ضلع اسلام آباد کے سیکریٹری جنرل مولاناسید حسین شیرازی اور آئی ایس اوکے ڈویژنل صدر طاہرنے خطاب کیا۔

مظاہرین سے خطاب میں رہنماوں کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ امریکہ شیطان بزرگ ہے جو کسی اصول، ضابطے اور قانون کو تسلیم نہیں کرتا، بیت المقدس فلسطینیوں کا ہے اور فلسطین عالم اسلام کے دل میں رہتا ہے، امریکہ کے ناجائز بچے کا وقت ہر گزرتے دن کے ساتھ ہی کم ہورہا ہے اور یہ جعلی ریاست ایک دن اپنے انجام کو پہنچے گی۔ رہنماوں کا کہنا تھا کہ امریکہ اپنا فیصلہ واپس لے ورنہ اسے عالم اسلام کی مزید نفرت لینا ہوگی۔

بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت قرار دینے کے امریکی فیصلہ کے خلاف ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے راجوری میں احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ریلی نکالی گئی، جس دوران امریکہ اوراسرائیل کے خلاف شدید نعرے لگائے گئے اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا پتلا نذر آتش کیا گیا۔ مظاہرین نے کہا کہ امریکی صدر کا فیصلہ امت مسلمہ کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے مسلمان ہر ظلم برداشت کرسکتے ہیں لیکن وہ قبلہ اول کی حرمت پامال ہوتے نہیں دیکھ سکتے ہیں۔  انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اس حوالے سے سخت موقف اپنایا ہے لیکن صرف زبانی نہیں بلکہ عملی سطح پر کچھ کر دکھانے کی ضرورت ہے اور اسرائیل و امریکہ سے بیزاری کا اعلان کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستانی حکومت بھی اس سلسلے میں اپنا موقف واضح کرے۔

امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں بھی مظاہرہ ہوا۔ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں ہزاروں افراد نے امریکی فیصلے کے خلاف پرامن مارچ کیا اور ٹرمپ کے خلاف نعرے لگائے۔ اس سے قبل برلن میں بھی مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت تبدیل کے خلاف ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا گیاتھا ۔

الجزائر میں بھی ہزاروں افراد نے امریکا کی جانب سے بیت المقدس کواسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج میں شریک افراد نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے ۔

در ایں اثنا پاکستان کی جماعت اسلامی بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے کے خلاف آج  سہ پہر 3 بجے کراچی میں ملین مارچ کرے گی، ملین مارچ کی قیادت امیر جماعت اسلامی سینٹر سراج الحق کریں گے جس میں دیگر مذہبی جماعتیں بھی شریک ہونگی۔

ٹیگس