غزہ میں حماس کے حق میں مظاہرہ
غزہ کے شہریوں نے اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی حمایت میں مظاہرے کیے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق ہزاروں کی تعداد میں فلسطینی شہری غزہ کی سڑکوں پر آئے اور انہوں نے اسلامی مزاحتمی تحریک حماس کے رہنماؤں کے خلاف امریکہ کے مخاصمانہ اقدامات کی مذمت کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے حماس کے سربراہ اور دیگر رہنماؤں کو بلیک لسٹ کیے جانے سے اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کے خلاف فلسطینی عوام کی جدوجہد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
امریکہ نے بدھ کے روز حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ اور بعض دوسرے فلسطینی رہنماؤں کے نام اس فہرست میں شامل کردیئے جنہیں امریکہ دہشت گرد قرار دیتا ہے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ اور دیگر رہنما بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے فیصلے کے خلاف ڈٹے ہوئے اور مقدس مقام کا دفاع کر رہے ہیں لہذا ان کا نام بلیک لسٹ کرنا ہمارے لیے اعزاز کا باعث ہے۔ادھر حماس کے ترجمان حاز القاسم نے کہا ہے کہ امریکہ نے اپنی خفت مٹانے کے لیے اسماعیل ہنیہ اور دیگر فلسطینیوں کے نام بلیک لسٹ میں شامل کیے ہیں کیونکہ وہ تحریک مزاحمت پر دباؤ ڈالنے میں بری طرح ناکام ہوگیا ہے۔