سعودی ولیعہد کا دورہ برطانیہ ملتوی
میڈیا ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ سعودی ولیعہد محمد بن سلمان کا دورہ لندن ملتوی ہو گیا ہے۔
الجزیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولیعہد کا دورہ برطانیہ جنوری کے آخر یا فروری کے آغاز میں انجام پانے والا تھا جو برطانوی عوام کی شدید مخالفت اور قانون دانوں کے مطالبے پر ملتوی کر دیا گیا۔برطانوی پارلیمنٹ کے سترہ اراکین نے وزیراعظم تھریسا مئے کے نام اپنے ایک مراسلے میں ان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ سعودی ولیعہد کا دورہ لندن منسوخ کردیں۔ برطانیہ کے ان اراکین پارلیمنٹ نے سعودی ولیعہد کو جنگ یمن کا خطرناک مجرم قرار دیا کہ جس کے نتیجے میں یمن میں اتنا بڑا انسانی المیہ رونما ہوا۔ ان اراکین پارلیمنٹ نے تاکید کی ہے کہ سعودی عرب میں ستّر فیصد سے زائد سزائے موت، محمد بن سلمان کے ولیعہد بننے کے بعد دی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں سعودی ولیعہد کے دورہ لندن کی شدید مخالفت کی جا رہی ہے۔