Mar ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۹:۴۵ Asia/Tehran
  • حکومت امریکہ عالمی سلامتی کے لئے خطرہ

تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات نے علاقے میں صیہونی حکومت کے جرائم اور توسیع پسندی پر امریکی حمایت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت امریکہ عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔

فلسطینی ذرائع‏ کے مطابق تنظیم آزادی فلسطین کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سیکریٹری جنرل صائب عریقات نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے عالمی مسائل  کے سلسلے میں اپنے ہٹ دھرمانہ رویے سے تمام بین الاقوامی ضوابط و اصول کو مسائل سے دوچار کر دیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ خود بھی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار بنا ہوا ہے۔

انھوں نے صیہونی حکومت اور مشرق وسطی کے مسائل میں امریکہ کا ساتھ نہ دینے والے ملکوں کی امداد منقطع کرنے پر مبنی امریکی دھمکیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اکیسویں صدی میں اختیار کیا جانے والا یہ رویہ بالکل شرمناک ہے۔

صائب عریقات نے تاکید کے ساتھ کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف منظم جرائم کے ارتکاب میں غاصب صیہونی حکومت اور امریکہ کے درمیان تعاون سے نہ صرف امریکہ کے قومی مفادات خطرے میں پڑے اور اس ملک کی پوزیشن کمزور ہوئی بلکہ پوری عالمی برادری کی توہین بھی ہوئی۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری فلسطینی علاقوں پر قبضہ ختم اور ایک آزاد فلسطینی مملکت کے قیام میں کہ جس کا دارالحکومت بیت المقدس قرار پائے، موثر اقدامات عمل میں لائے گی۔

امریکی صدر ٹرمپ نے تین ماہ قبل بیت المقدس کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کرنے کا اعلان کیا اور امریکی سفارت خانے کو تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

دوسری جانب فلسطین کی خود مختار انتظامیہ کے ترجمان نبیل ابوردینہ نے کہا ہے کہ تاریخ نے ہمیشہ اس بات کو ثابت کیا ہے کہ بیت المقدس فلسطین کا مستقل دارالحکومت ہے۔

انھوں نے بیت المقدس کے بارے میں امریکہ و اسرائیل کے فیصلے کو شکست خوردہ قرار دیا اور کہا کہ عرب قوموں کو چاہئے کہ فلسطینیوں کے قومی مفادات کا تحفظ کریں اور ان مفادات کو بھینٹ نہ چڑھنے دیں۔

ٹیگس