مشرقی القلمون سے دہشت گردوں کا انخلا
شام کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہےکہ مشرقی القلمون سے دہشت گردوں کا انخلا شروع ہوگیا ہے اس درمیان شامی فوج کے جنگی طیاروں اور توپخانوں نے دمشق کے جنوبی علاقے الحجر الاسود اور یرموک کیمپ پر حملہ کیا ہے - دوسری جانب یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شامی فوج نے دمشق کے مضافات میں واقع امام علی مسجد پر اپنا کنٹرول کرلیا ہے
شام کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے تین ہزار سے زائد مسلح دہشت گرد عناصر اپنے گھروالوں کے ہمراہ مشرقی القلمون سے نکل کر ادلب کی جانب روانہ ہورہے ہیں -
شام کے سیکورٹی ذرائع نے اعلان کیا ہے یہ مسلح دہشت گرد اس وقت اپنے گھروالوں کے ہمراہ الناصریہ کے علاقے میں جمع ہوگئے ہیں تاکہ وہاں سے صوبہ ادلب کے علاقے جرابلس روانہ ہوجائیں - شام کے ٹیلی ویژن چنیل الاخباریہ نے بھی خبردی ہے کہ دمشق کے مضافاتی علاقوں الرحیبہ جیرود اور الناصریہ سے بھی مسلح دہشت گرد عناصر نکل گئے ہیں اور ان کو وہاں سے نکالنے کے لئے بسوں کا بھی انتظام کیا گیا تھا اس سے پہلے شامی فوج اور دہشت گردوں کے درمیان یہ سمجھوتہ طے پایا تھا کہ دہشت گرد عناصر وہاں سے نکل جائیں گے اور فوج ان کووہاں سے نکلنے کی اجازت دے دے گی -
دریں اثنا دمشق کے جنوبی علاقے میں واقع یرموک کیمپ اور الحجرالاسود محلے میں داعش کے خلاف شامی فوج کی کارروائیوں کے دوران بہت سے دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال دئے ہیں ۔المیادین ٹی وی نے خبردی ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر شامی فوج کے میزائل اور توپخانوں کے حملوں کے بعد داعش کے عناصر نے ہتھیار ڈال دینے کے لئے حجرالاسود محلے اور یرموک کیمپ کی عمارتوں کی چھت پر سفید جھنڈے بلند کردئے اور انہوں نے شامی فوج سے درخواست کی ہے کہ وہ اب ان کے ٹھکانوں پر گولہ باری اور حملے بند کردے -
یہ بھی اطلاعات ہیں کہ شام کے جنگی طیاروں نےدمشق کے جنوب میں الحجر الاسود محلے اور الیرموک کیمپ میں موجود داعش اور جبہہ التحریرالشام نامی دہشت گرد گروہوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے - اس حملے میں داعش کے دوسرغنے ہلاک ہوگئے ہیں جن کے نام ابوہشام الخابوری اور ابوعلی نقشہ بتائے گئے ہیں - شامی فضائیہ نے جمعے کو بھی الحجر الاسود محلے میں دہشت گردوں کے فوجی ساز وسامان کے ڈپو پر حملہ کیا تھا - حجرالاسود اور یرموک علاقوں سے دہشت گردوں کے انخلا پر مبنی ہونے والے سمجھوتے کی ناکامی کے بعد شامی فوج نے یہ کارروائی کی ہے یہ پورا علاقےشامی فوج کے محاصرے میں ہے - شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ الحجر الاسود محلے میں دہشت گرد گروہوں کے درمیان شدید لڑائیاں ہوئی ہیں ۔ ادھر شامی فوج نے دمشق کے مضافاتی علاقے زلیخہ میں امام علی مسجد کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے - شامی فوج نے اپنی اس کارروائی میں داعش کے دسیوں دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے -