Jun ۰۶, ۲۰۱۸ ۰۹:۵۷ Asia/Tehran
  • رب کعبہ کی قسم علی کامیاب ہو گیا

فاتح خیبر، مشکل گشاء،شیرخدا حضرت امام علی (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے عالم اسلام اور پورا اسلامی جمہوریہ ایران سوگوار اور سیاہ پوش ہے۔

آج تاریخ انسانی کے عظیم سپہ سالار فاتح خیبر، باب العلم، داماد رسول (ص) حضرت علی (ع) کا یوم شہادت ہے۔

فاتح خیبر حیدرکرار شیر خدا کو کوفہ کی مسجد میں 19 رمضان المبارک کو نماز کی حالت میں زخمی کیا گیا اور آپ 21 رمضان کوشہید ہو گئے۔

امیرالمومنین، شیر خدا فاتح خیبر حضرت امام علی (ع) کی شہادت کی مناسبت سے  دنیا کے گوشہ و کنار میں عزاداری کا سلسلہ گزشتہ رات سے شروع ہوا ہے۔

عراق کے مختلف شہروں نجف اشرف، کربلائے معلی، کاظمین، سامرا اور مسجد کوفہ جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں خاص طور سے مشہد المقدس اور قم المقدسہ میں ہر طرف مجلس عزاء اور ماتم و سینہ زنی کا سلسلہ جاری ہے۔ تمام مساجد و امام بارگاہوں میں نوحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے ۔ مساجد، امام بارگاہوں اور مذہبی مقامات نیز سڑکوں پر سیاہ پرچم نصب ہیں اور اہلبیت اطہار (ع) کے عقیدت مندوں کی جانب سے اشکبار آنکھوں سے فاتح خیبر مشکل گشاء حضرت امام علی (ع) کی شہادت کی مناسبت سے پرسہ پیش کیا  جا رہا ہے۔

پاکستان اور ہندوستان  میں بھی کل رات شب شہادت  امام علی (ع) عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اور یہ سلسلہ آج رات تک جاری رہے گا۔

فاتح خیبر مشکل گشاء امیرالمومنین حضرت امام علی (ع) کے یوم شہادت کی مناسبت سے سحر عالمی نیٹ ورک اہلبیت اطہار علیہم السلام کے تمام چاہنے والوں کی خدمت میں بادل مغموم تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس