جنوبی شام کا اسٹریٹیجک ٹاؤن صید بھی آزاد ہو گیا
شامی فوج نے صوبہ درعا سے دس کلو میٹر کے فاصلے پر واقع علاقے صیدا ٹاؤن کو جبہت النصرہ نامی دہشت گرد گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔
دمشق میں عسکری ذرائع نے بتایا ہے کہ شامی فوج جبہت النصرہ کے دہشت گردوں پر کاری ضرب لگاتے ہوئے صیدا ٹاؤن میں داخل ہو گئی ہے۔ اس دوران ہونے والی جھڑپوں میں دہشت گردوں کا کمانڈ سینٹر بھی تباہ کر دیا گیا۔
شامی فوج کی انجینیئر کور کے جوان، اس وقت علاقے میں دہشت گردوں کی بچھائی ہوئی بارودی سرنگیں اور بم ناکارہ بنانے میں مصروف ہیں تاکہ علاقے میں عام شہریوں کی واپسی کا راستہ ہموار ہو سکے۔
صیدا کی آزادی کے بعد صوبہ درعا کے دیگر علاقوں کی آزادی کا راستہ بھی کافی حد تک صاف ہو گیا ہے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق صوبہ درعا کے نواحی علاقے داعل میں مسلح افراد اور شامی فوج کے درمیان ہونے والے سمجھوتے کے تحت تیس ہزار عام شہری علاقے میں واپس آ گئے ہیں اور معمول کی زندگی بحال ہو گئی ہے۔
دوسری جانب شام کے صوبہ حلب کے منبج ٹاؤن میں ترکی کی فوجی مداخلت کے خلاف مظاہرہ کرنے والے لوگوں کے درمیان ہونے والے ایک دھماکے میں کم سے ایک شخص ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے۔