ہندوستان میں سیلاب کا قہر؛ بڑے پیمانے پر تباہی
ہندوستان کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، سیلاب اور بادل پھٹنے سے بڑے پیمانے پر تباہی آئی ہوئی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: تفصیلات کے مطابق ہندوستان کے مختلف حصوں میں طوفانی بارش اور بادل پھٹنے سے عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ جموں و کشمیر، ہماچل پردیش، پنجاب، راجستھان، اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور اوڈیشہ سمیت کئی ریاستوں میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال نے تباہی مچا دی ہے ہندوستانی حکام کے مطابق اب تک درجنوں افراد کی جان جا چکی ہے جبکہ کئی قومی شاہراہیں زمین کھسکنے اور پانی بھرنے کی وجہ سے بند کر دی گئی ہیں۔ ہماچل پردیش میں سو سے زیادہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں اور آٹھ اضلاع میں بادل پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ جموں میں مسلسل بارش سے مکان گرنے کے واقعات پیش آئے جن میں ماں بیٹی کی جان گئی، جبکہ کئی دیہات میں درجنوں لوگ پھنس گئے۔
چناب ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے جس کی وجہ سے جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ سمیت متعدد اہم راستے بند کر دیےگئے ہیں۔چھتیس گڑھ کے بلرام پور ضلع میں ایک چھوٹے ڈیم کا حصہ ٹوٹنے سے اچانک آئے سیلاب کے باعث چار افراد ہلاک اور تین لاپتہ ہوگئے ۔راجستھان میں بھی موسلا دھار بارش کے سبب محکمہ موسمیات نے بیک وقت یلو اور اورنج الرٹ جاری کیا ہے ۔