امریکا اور مغربی ممالک سیاسی عمل میں رکاوٹ بنے ہوئے،بشار اسد
شام کےصدر بشار اسد نے کہا ہے کہ امریکا اور مغربی ممالک شام میں سیاسی عمل کی راہ میں رکاوٹ بن ہے ہیں۔
شام کے صدر بشاراسد نے وزارت خارجہ کے عہدیداروں اور سفارتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیاسی عمل کی راہ میں مغربی ممالک اور ان میں سرفہرست امریکا رکاوٹ بن رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں کوئی قومی سطح کا فیصلہ اسی صورت میں ہوگا جب شام کے سبھی گروہ کسی ایک نکتے پر متفق ہوجائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ شام کی تقدیر کا فیصلہ کرنے کا حق صرف شامی عوام کو ہے۔انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر کوئی بھی فیصلہ اسی وقت ممکن ہوگا جب شام کے سبھی گروہ مذاکرات کی میز پر آئیں گے۔
بشار اسد نے ایک بار پھر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
شام کے صدر نے کہا کہ اس وقت حکومت کی بنیادی ترجیح ملک کی تعمیر نو اور ملک کے سبھی علاقوں کی مکمل آزادی تک دہشت گردی کے خلاف جنگ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ شامی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کو یقینی بنانا اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانا بھی ہماری اہم ترجیحات میں ہیں لیکن مغربی ممالک اور امریکا اس میں رکاوٹیں کھڑی کررہا ہے۔