سینچری ڈیل فلسطینی امنگوں کے خلاف سازش
ایران میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نمائندے نے سینچری ڈیل کو فلسطینی امنگوں کو ختم کرنے کے لئے امریکہ و اسرائیل کی ایک سازش و کوشش قرار دیا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران میں فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے نمائندے خالد قدومی نے تہران میں ایک اجلاس میں جو سینچری ڈیل اور فلسطینیوں کی استقامت کے بارے میں تھا، کہا ہے کہ سینچری ڈیل سے فلسطینیوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا اور یہ معاملہ در اصل امریکہ و اسرائیل کی منھ زوری ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل سینچری ڈیل کے ذریعے فلسطینیوں کی استقامت ختم کرانے کی کوشش کر رہے ہیں مگر وہ اپنی اس سازش میں بھی ناکام رہیں گے۔قدوی نے سینچری ڈیل سے متعلق علاقے میں انجام پانے والی مختلف ملاقاتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی حکومت کے وزیر اعظم نتن یاہو خلیج فارس کے عرب ملکوں کے ساتھ رابطے برقرار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ فلسطین کے مسئلے کو دنیا ئے عرب اور عالم اسلام میں پہلی اہمیت حاصل نہ رہے۔واضح رہے کہ سینچری ڈیل میں بیت المقدس کو صیہونی حکومت کے حوالے کئے جانے کی بات کہی گئی ہے جبکہ فلسطینی پناہ گزینوں کو واپسی کا بھی حق حاصل نہیں ہو گا اور فلسطینی، غزہ و غرب اردن تک ہی محدود ہو جائیں گے۔