Aug ۲۰, ۲۰۱۸ ۱۶:۱۶ Asia/Tehran
  • میدان عرفات میں مشرکین سے برائت و بیزاری کا اجتماع

حجاج کرام نے مشرکین سے برائت و بیزاری کے پروگرام میں شرکت کرکے مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی اور دشمنان اسلام کی تفرقہ انگیز سازشوں کا مقابلہ کرنے پر زور دیا۔

میدان میں عرفات میں مشرکین سے برائت و بیزاری کا اجتماع حجاج کرام کے نام رہبرانقلاب اسلامی کے پیغام سے شروع ہوا جس میں ایران اور دیگر ملکوں کے حاجیوں نے شرکت کی۔

مشرکین سے اظہار نفرت و بیزاری کے اجتماع میں شریک حاجیوں نے امریکا اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کے خلاف نعرے لگا کر شیطانی اور سامراجی اقدامات کی مذمت کی۔ مشرکین سے برائت کے اجتماع کا بیانیہ بھی پڑھا گیا جس کی اللہ اکبر کے نعرے بلند کرکے حاجیوں نے حمایت کی ۔ اس بیان میں سامراجی طاقتوں اور مشرکین سے ہرطرح کی ساز باز کی مذمت کی گئی ہے۔

میدان عرفات میں رکن اعظم وقوف کے دوران امام حسین علیہ السلام کی دعائے عرفہ کی بھی تلاوت کی گئي ۔ عرفات میں وقوف کے بعد پوری دنیا سے حج کے لئے پہنچنے والے تقریبا تیس لاکھ حاجی غروب کے بعد مشعرالحرام یا مزدلفہ روانہ ہوگئے اور پھر منگل کی صبح طلوع آفتاب کے بعد منا روانہ ہوجائیں گے۔ اور پھر جمعرات تک وہاں وقوف کریں گے۔

اس دوران حجاج کرام شیطانوں کو کنکریان ماریں گے سعودی عرب میں عیدالاضحی منگل کو ہے اور اسی دن قربانی کا فریضہ بھی انجام دیں گے۔ تین دن منا میں وقوف و قیام کرنے کے بعد سبھی حاجی دوبارہ مکہ واپس جائیں گے اور طواف و سعی اور مناسک حج انجام دے کر اپنا حج مکمل کریں گے۔

ٹیگس