فلسطینیوں کا بائیسویں ہفتے بھی واپسی مارچ
فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ تیس مارچ سے غزہ کی سرحد پر جاری فلسطینیوں کے پرامن واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ میں اب تک ایک سو اسّی فلسطینی شہید اور آٹھ ہزار سے زائد دیگر زخمی ہو چکے ہیں۔
غزہ کا محاصرہ ختم کرانے کے لئے فلسطینیوں نے جمعے کو بائیسویں ہفتے بھی پرامن واپسی مارچ کیا۔ اس جمعے کو واپسی مارچ کا عنوان میڈیکل اور میڈیا کی ٹیم سے وفاداری دیا گیا تھا-
فلسطینیوں کے واپسی مارچ کی نگرانی کرنے والی فلسطینی کمیٹی نے ایک بیان جاری کر کے مظاہرین کی مدد کرنے میں طبی ٹیم اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے صیہونی حکام پر جنگی مجرم کے طور پر مقدمہ چلائے جانے کا مطالبہ کیا-
فلسطینی مظاہرین کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلسطینی میڈیا نے صیہونی حکومت کی مجرمانہ پالیسیوں اور اقدامات کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے-
مذکورہ فلسطینی کمیٹی نے زور دے کر کہا ہے کہ فلسطینی عوام اپنے مسلمہ حقوق منجملہ غزہ کا محاصرہ مکمل طور پر ختم کئے جانے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جارحانہ حملے بند کئے جانے جیسے مطالبات پر نہ تو کوئی سودا کریں اور نہ ہی ان مطالبات سے ذرہ برابر پیچھے ہٹیں گے-
بیان میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی عوام اپنے واپسی مارچ کو پرامن طریقے سے جاری رکھنے میں پرعزم ہیں- واپسی مارچ کی نگراں فلسطینی کمیٹی نے عالمی برادری سے درخواست کی ہے کہ وہ فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم بند کرانے کے لئے اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرے-
اس درمیان فلسطین کی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ روز جمعے کو بھی واپسی مارچ پر صیہونی فوجیوں نے فائرنگ کر کے ایک سو نوے کے قریب فلسطینیوں کو زخمی کر دیا-
فلسطین کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ زخمیوں میں خاصی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں-
یہاں یہ بات قابل ذکر رہے کہ فلسطینیوں کا واپسی مارچ یوم الارض کی مناسبت سے گذشتہ تیس مارچ سے شروع ہوا ہے جو ہر ہفتے جمعے کو غزہ کی سرحد پر ہوتا ہے-
اس دوران صیہونی فوجیوں نے ایک سو اسّی فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جن میں ستائیس معصوم اور کمسن بچے، تین خواتین، تین امدادی کارکن اور دو صحافی بھی شامل ہیں-
صیہونی فوج نے نو فلسطینی شہدا کے جنازوں کو بھی اپنے قبضے میں لے رکھا ہے اور انہیں ان کے لواحقین کے سپرد نہیں کیا ہے-
فلسطین کی وزارت صحت نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہ ایک سو اکہتر فلسطینی شہدا کے جنازے اسپتالوں میں لائے گئے ہیں، اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی فوجیوں کی فائرنگ میں اٹھارہ ہزار تین سو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں چار سو تئیس فلسطینیوں کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے-