Oct ۰۹, ۲۰۱۸ ۱۸:۴۱ Asia/Tehran
  • اربعین حسینی کے ملین مارچ کا ذرائع ابلاغ کی جانب سے انعکاس کا پروگرام

اسلامی ریڈیو ٹیلیویژن کی یونین کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ اس سال اربعین حسینی کے موقع پر تینتالیس ملکوں کے تقریبا چار سو ٹی وی چینلوں کے لگ بھگ سولہ سو نامہ نگار رپورٹنگ اور صورت حال سے باخبر کریں گے۔

اسلامی ریڈیو ٹیلیویژن کی یونین سے سیکریٹری حجت الاسلام علی کریمیان نے آئی آر آئی بی کی نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اربعین حسینی کے موقع پر اہلبیت اطہار علیہم السلام کے چاہنے والوں کے ملین مارچ کی معنوی فضا اور پوری دنیا کو اس ملین مارچ کے پیغام سے آگاہ کرنے میں ذرائع ابلاغ کا کردار غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ اربعین حسینی کے موقع پر ملین مارچ کی رپورٹنگ اور ذرائع‏ ابلاغ کی جانب سے اس عظیم مارچ کے انعکاس کے لئے انتظامات کر لئے گئے ہیں اور بارہ سو سیاسی و مذہبی ماہرین اور تجزیہ نگاروں نے ریڈیو ٹی وی کے مختلف پروگراموں میں شرکت کر کے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لئے اعلان آمادگی کیا ہے۔

دوسری جانب ایران کی سرحدی فورس کے کمانڈر بریگیڈیر قاسم رضائی نے کہا ہے کہ عراق کے لئے تین گذرگاہوں مہران، شلمچے اور چذابہ میں سیکورٹی کا محکمہ زائرین حسینی کی خدمات کے لئے آمادہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ زائرین کی حفاظت کے لئے سیکورٹی کا بھی بھرپور انتظام کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ بیس صفرالمظفر یعنی اربعین حسینی کے موقع پر عراق، ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے کروڑوں زائرین، ملین مارچ کی شکل میں کربلائے معلی پہنچتے ہیں اور نواسہ رسول نیز دیگر شہدائے کربلا کو بادل مغموم نذارنہ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

ٹیگس