سامرا میں زائرین اربعین کی پذیرائی کے انتظامات
سامرا میں عتبات عالیات کی تعمیر نو کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ زائرین اربعین حسینی کا پہلا قافلہ امام علی نقی اور امام حسن عسکری علیھماالسلام کے حرم میں پہنچ گیا ہے اور اس نے رات وہاں گذاری - ان کا کہنا تھا کہ اس کے ساتھ ہی مقدس شہر سامرا میں ایرانی اور اہل سنت حضرات کے موکبوں کی سرگرمیاں بھی شروع ہوگئی ہیں اور سامرا میں اربعین کے زائرین کو ٹھہرانے کےلئےاس سال گذشتہ برس کے مقابلے میں اسّی فیصد سے زائد جگہوں کا انتظام کیا گیا ہے
سامرا میں عتبات عالیات کی تعمیر نو کے ادارے کے سربراہ عباس قطب الدینی نے کہا کہ مخیرحضرات اور مذہبی و ماتمی انجمنوں کے تعاون سے سامرا کے اہل سنت بھائیوں کے پانچ موکب کے ساتھ ساتھ ایرانیوں کے بھی چھبیس موکب، زائرین اربعین کی پذیرائی اور ان کی خدمت کریں گے انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ باقی موکب سامرا جانے والے راستے، بلد شہر اور اسی طرح امام زمانہ عج اللہ کے تعالی چچا حضرت سید محمد کے حرم میں قا ئم کئےگئے ہیں - سامرا میں زائرین اربعین کے قیام و طعام کا انتظام کرنے والی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ ایرانی موکب ایران کے صوبوں خراسان رضوی ، خراسان جنوبی ، آذربائیجان شرقی ، آذربائیجان غربی ، سیستان و بلوچستان ، قم ، اصفہان ، اور اردبیل سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا بھی ایک موکب سامرا میں لگایاگیا ہے - انہوں نے زائرین اربعین کی پذیرائی اور ان کی خدمت کے لئے سامرا شہر کے اہل سنت مسلمانوں کی شراکت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ شیعہ و سنی اتحاد کے ذریعے امامین عسکریین کے حرم مطہر میں جو امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کا آبائی گھر ہے اور اس کے اطراف میں اربعین کے زائرین کی خدمت زیادہ سے زیادہ کرسکیں گے - اس درمیان عراق کے وزیرداخلہ زائرین کی سیکورٹی کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے کربلائے معلی پہنچے ہیں - یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراق کے تیس ہزار سیکورٹی اہلکاروں کو زائرین حضرت سید الشہدا کی سیکورٹی اور ان کی جان کی سلامتی و حفاظت کے لئے تعینات کردیا گیا ہے جبکہ صوبہ کربلا کے مختلف علاقوں میں عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے بھی جوان تعینات ہیں- دوسری طرف زائرین اربعین کی ایرانی کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ایران سے اب تک تیرہ لاکھ سے زائد ایرانی زائرین زمینی سرحد سے عراق میں داخل ہوچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ایران کےمختلف شہروں سے روزانہ سو سے زائد ہوائی جہاز زائرین اربعین کو نجف اور بغداد پہنچا رہے ہیں-ایران سے زمینی سرحد سے ایرانی زائرین کے علاوہ بڑی تعداد میں غیر ایرانی زائرین بھی اربعین حسینی میں شرکت کے لئے کربلائے معلی جارہے ہیں جن میں سب سے زیادہ تعداد پاکستانی زائرین کی ہے جو تفتان میرجاوہ سرحد سے ایران کے شہر زاہدان اور وہاں سے بسوں کے ذریعے عراق کی سرحد تک پہنچائے جاتے ہیں ۔ زاہدان میں پاکستانی زائرین کے قیام کے لئے متعدد مراکز قائم کئے ہیں جہاں ان کے لئےتمام سہولتوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔زاہدان کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی پاکستان کے زائرین اربعین کی پذیرائی اور استراحت کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ سپاہ نیوز نے خبر دی ہے کہ پاسداران انقلاب کے کمانڈرانچیف ،جنرل محمد علی جعفری نے صوبہ سیستان و بلوچستان کے پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے نام خط میں لکھا ہے کہ اربعین حسینی میں شرکت کے لئے ایران کے راستے کربلائے معلی جانے والے پاکستانی زائرین کی پذیرائی اور انہیں ضروری سہولتیں فراہم کرنے پر پوری توجہ دی جائے ۔خرم شہر کے گورنر نے بتایا ہے کہ اب تک بیس ہزار سے زائد غیر ملکی زائرین اربعین ایران کے شلمچہ بارڈر سے عراق جاچکے ہیں