Oct ۳۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۶ Asia/Tehran
  • نائیجیریا میں فوج کی فائرنگ سے 21شیعہ مسلمان شہید

نائیجیریا کی فوج نے اس ملک کے شیعہ مسلمانوں کو ایک بار پھر وحشیانہ جارحیت کا نشانہ بناتے ہوئے 21شیعہ مسلمانوں کو شہید کر دیا۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کی رپورٹ کے مطابق نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے ترجمان ابراہیم موسی کا کہنا ہے کہ پیر کے روز نائیجیریا کے دارالحکومت میں اربعین حسینی کےعزاداروں پرفوج کے حملے اور فائرنگ سے 21شیعہ مسلمان شہید ہو گئے۔

ہفتے کے روز بھی نائیجیریا کے فوجیوں نے ابوجا کے قریب فائرنگ کر کے کم سے کم دس حسینی عزاداروں کو شہید کر دیا تھا۔ اس طرح اربعین حسینی مارچ کےعزاداروں پر حملے میں اب تک  31شیعہ مسلمان شہید ہو ئےہیں۔

اسلامی تحریک کے ترجمان  کا کہنا ہے کہ سیکڑوں شیعہ مسلمانوں نے دارالحکومت ابوجا میں اربعین حسینی مارچ کے دوران مظاہرہ کر کے اس ملک کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کی رہائی کا مطالبہ کیاتھا۔

نائیجیریا کی فوج نے تیرہ دسمبر دو ہزار پندرہ کو شہر زاریا کے حسینیہ پر حملہ کر کے جس میں شیخ زکزکی کے تین بیٹوں سمیت سیکڑوں شیعہ مسلمان شہید ہو گئے تھے، اس ملک کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر لیا۔

نائیجیریا کے عوام نے مختلف شہروں میں بارہا مظاہرے کر کے اس ملک کی اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ ابراہیم زکزکی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹیگس