عالمی سطح پر نبی (ص) و آل رسولۖ کا غم
ایران سمیت دنیا کے بہت سے ملکوں میں رسول (ص) اور نواسہ رسول (ع) کی عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔ ہمارے نمائندوں کے مطابق مشہد مقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام علی رضا علیہ الصلوات و السلام کے روضہ اقدس میں دسیوں لاکھ ملکی اور غیر ملکی زائرین عزاداری میں مصروف ہیں۔ نجف اشرف سے بھی اطلاع ہے کہ عراق کے مختلف علاقوں سے لاکھوں عراقی رسول اسلام (ص) اور نواسہ رسول (ع) کی شہادت کا پرسہ دینے کے لئے امیر المومنین حضرت علی علیہ الصلوات و السلام کے روضہ مبارک میں موجود ہیں۔
رسول خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ وعلیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور سبط اکبر رسول حضرت امام حسن مجتبی علیہ الصلوات والسلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جہوریہ ایران میں عزاداری کا سلسلہ جاری ہے۔
ایران میں عزاداری کا سب سے بڑا اجتماع مشہد مقدس میں بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضاعلیہ السلام میں دیکھا جا رہا ہے جہاں ایران اور دنیا بھر سے آئے ہوئے دسیوں لاکھ زائرین موجود ہیں اور روضہ رضوی کے تمام صحن اور راہداریاں عزاداروں سے چھلک رہی ہیں۔
اس کے ساتھ ہی روضہ مبارک کے اطراف کی تمام شاہراہوں پر لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب رواں دواں ہیں۔
قم میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی لاکھوں ملکی اورغیر ملکی زائرین عزاداری اور سینیہ زنی میں مصروف ہیں۔ شہر قم اور مضافاتی علاقوں سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد ہو کر بارگاہ حضرت فاطمہ معصومہ کی جانب رواں دواں ہیں۔
دارالحکومت تہران کی تمام مساجد و امامبارگاہوں اور اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزادار، رسولۖ اور آل رسول (ع) کی مصیبتوں کو یاد کر کے اشک غم بہا رہے ہیں۔
شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضے میں مجالس کا سلسلہ جاری ہے اور شہر اور اس کے اطراف سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نوحہ خوانی اور سینہ زنی کر کے آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دے رہی ہے۔
نجف اشرف سے ہمارے نمائندے نے بتایا ہے کہ روضہ امیرالمومنین (ع) میں لاکھوں ملکی اور غیر ملکی زائرین رسولۖ اور نواسہ رسول (ع) کا پرسہ دینے میں مصروف ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق عراق کے مختلف علاقوں سے کئی دن پہلے سے ہی عزادار حضرت رسول اسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آپ کے نواسے حضرت امام حسن علیہ الصلوات و السلام کی عزاداری میں شرکت کے لئے نجف اشرف پہنچنا شروع ہو گئے تھے۔ اس رپورٹ کے مطابق اس وقت روضہ امیرالمومنین حضرت علی (ع) اور اس کے اطراف کی سڑکیں عزاداروں اور ماتمی دستوں سے مملو ہیں۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ نجف اشرف میں زائرین اور عزاداروں کی سیکورٹی کے لئے پولیس کے ساتھ ساتھ عوامی رضا کار فورس الحشد الشعبی کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
اسی کے ساتھ شام، لبنان، پاکستان، ہندوستان اور دنیا کے دیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسولۖ حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسبت سے عزاداری کا سلسلہ اور ماتمی دستوں کے برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔