Dec ۰۸, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۲ Asia/Tehran
  • حکومت بحرین کی کھلی اسرائیل نوازی

بحرین کے وزیرخارجہ نے اپنی اسرائیل نوازی کا ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ لبنان کے ہمسایوں کو ممکنہ خطرات کا سدباب کرنے کا پورا پورا حق حاصل ہے۔

اپنے ایک ٹوئیٹ میں، بحرین کے وزیرخارجہ خالد بن احمد آل خلیفہ نے اسرائیل کی کھلی حمایت کی اور حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے کہا کہ، کیا حزب اللہ کا سرنگیں کھودنا لبنان کے استحکام کے لیے خطرہ نہیں ہے؟ اس کے فورا بعد اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بحرین کے وزیر خارجہ کے ٹوئیٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے دوبارہ اپنے ٹوئیٹ میں شامل کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردیا۔

بحرینی وزیر خارجہ کے اسرائیل نواز ٹوئیٹ کے خلاف سوشل میڈیا میں کافی ہنگامہ کھڑا ہوگیا ہے اور خالد بن احمد آل خلیفہ کا مذاق بھی اڑایا جارہا ہے۔

اسرائیل نے چار دسمبر کو دعوی کیا تھا کہ اس نے ایک آپریشن کے دوران حزب اللہ کی جانب سے کھودی جانے والی سرنگوں کا پتہ لگانے کے بعد انہیں تباہ کردیا ہے۔

بحرین کے وزیرخارجہ نے یہ بیان ایسے وقت میں دیا ہے جب لبنان کی حکومت اسرائیل کو جارح قرار دیتی ہے جس نے جنوبی لبنان کے شبعا فارم، کفرشوبا کی بلندیوں اور غجر ٹاون کے ایک حصے پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔

لبنان کی حکومت اقوام متحدہ سے تواتر کے ساتھ ان علاقوں سے اسرائیل کا غاصبانہ قبضہ ختم کرانے کا بھی مطالبہ کر رہی ہے۔

ٹیگس