Jan ۲۴, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۱ Asia/Tehran
  • افغانستان میں اتحادی فوج کی کارروائی، 25 جنگجو ہلاک

افغانستان میں امریکی فوجی کی ہلاکت کے بعد مختلف صوبوں میں اتحادی افواج نے فضائی کارروائیاں کرتے ہوئے 25 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

افغان میڈیا کا ملٹری ذرائع کے حوالے سے بتانا ہے کہ اتحادی افواج نے صوبہ وردک، قندھار، اروزگان اور ہلمند میں فضائی کارروائیاں کیں جس کے نتیجے میں 20 طالبان جنگجو ہلاک ہوئے۔

افغان میڈیا کے مطابق اتحادی افواج نے صوبہ ننگرہار کے اضلاع آچن اور خوگیانی میں ڈرون حملے بھی کیے جس میں 5 انتہا پسند مارے گئے۔

دوسری جانب اتحادی افواج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک امریکی فوجی مارا گیا تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان میں مارے جانے والے امریکی فوجیوں کی تعداد دو ہوگئی، جمعرات کے روز صوبہ ہلمند میں بارودی مواد کے دھماکے میں 23 سالہ فوجی جیمس اے سلیپ ہلاک ہوا تھا۔

 یاد رہے کہ طالبان نے 21 جنوری کو صوبہ وردک میں افغان انٹیلی جنس بیس پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں 126 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس