یمنی فوج کی جانب سے سعودی عرب اور اس کے اتحادی فوجیوں پر کاری ضرب
یمن کی فوج نے سعودی عرب کے جنوبی سرحدی شہر عسیر کی علب گذرگاہ میں سعودی عرب اور اس کے اتحادی فوجیوں کی دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنادیا ہے۔
المسیرہ ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ یمنی فوج نے سعودی عرب کے سرحدی شہر عسیر میں علب گذرگاہ کے قریب اپنی کارروائی میں بہت سے سعودی فوجیوں اور ان کے اتحادیوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا۔
یمنی فوج نے سعودی عرب کے ہی نجران علاقے میں بھی سعودی عرب اور اس کے اتحادی فوجیوں کی پیشقدمی کو ناکام بنا دیا۔ اس درمیان یمنی فوج نے نجران کے قریب الصوح علاقے میں سعودی فوجی ٹھکانوں پر توپخانے سے حملہ کرکے سعودی عرب کے بھاری فوجی ساز وسامان کو تباہ کردیا۔
دوسری جانب یمن کے دارالحکومت صنعا کے علاقے نہم میں بھی یمنی فوج نے سعودی فوجی اڈے پر گائیڈڈ میزائلوں سے حملہ کیا۔
اس درمیان یہ بھی اطلاعات ہیں کہ یمن کی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے سعودی عرب کے صوبہ جیزان میں بھی بیلسٹک میزائل سے حملہ کرکے سعودی فوجی اڈے کو خاصا نقصان پہنچایا ہے۔
منی فوج کے جوابی میزائلی حملے ایک ایسے وقت کئے جارہے ہیں جب سعودی عرب کے جنگی طیارے ہر روز یمن کے رہائشی علاقوں پر بمباری کر رہے ہیں۔