بحرین کے مختلف شہروں میں مظاہرے
بحرین میں 14 فروری کے انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر مختلف شہروں میں مظاہرے شروع ہوگئے ہیں ۔
العالم کی رپورٹ کے مطابق بحرین میں 14 فروری کے انقلاب کی سالگرہ کے موقع پر کل نماز جمعہ کے بعد بحرین کےمختلف شہروں میں عوام نے مظاہروں میں بھر پور شرکت کی اور اپنے حقوق اور مطالبات کے حصول تک مظاہرے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بحرین کے المصلی، ابو صبیح، اور الشاخورہ علاقوں میں بحرینی عوام نے احتجاجی ریلیوں میں بھر پورطریقے سے حصہ لیا اور امریکہ و اسرائیلی کی غلامی کرنے پر بحرین کی آل خلیفہ حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ادھربحرین کے روحانی اور مذہبی پیشوا آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بحرینی عوام پر آل خلیفہ کے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بحرینی عوام ذلت اور غلامی کو برداشت نہیں کریں گے۔
آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے بحرین کو اسلام و ایمان، علم و معرفت اور ہدایت پر مبنی ملک قراردیتے ہوئے کہا کہ بحرینی عوام اپنی عزت و عظمت اور شرافت کی بقا کے لئے استقامت اور پائیداری کا مظاہرہ کررہے ہیں اور وہ ظلم و جبر و استبداد اور غلامی کو ہر گز قبول نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ بحرین میں سن 2011 میں عوامی تحریک شروع ہوئی جسے بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے امریکہ ، اسرائیل اور سعودی عرب کی مدد سے سبوتاژ کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن بحرینی عوام میں اپنے حقوق کے حصول کا جذبہ آج بھی موجزن ہے۔