شام: حلب میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، 41 جاں بحق و زخمی
Mar ۰۶, ۲۰۱۹ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
شام کے صوبے حلب میں دہشت گردوں کے قبضے کے دوران کی باقی بچی بارودی سرنگوں کے دو دھماکوں میں کم سے کم تیرہ افراد جاں بحق اور اٹھائیس دیگر زخمی ہو گئے۔
بارودی سرنگ کا ایک دھماکہ حلب کے جنوبی مضافاتی علاقے مراغہ میں اس وقت ہوا جب محنت کش اور مزدوروں کی ایک گاڑی وہاں سے گذر رہی تھی جبکہ دوسرا دھماکہ مشرقی حلب میں تلعرن میں ہوا۔
حلب سمیت شام کے مختلف علاقوں پر غاصبانہ قبضے کے دوران دہشت گردوں نے مختلف علاقوں، رہائشی عمارتوں، سڑکوں، راستوں، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں یہاں تک کہ کھلونوں تک میں دھماکہ خیز مواد نصب کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ شامی فوج، ایران کی فوجی مشاورت اور روس کی حمایت سے اپنے ملک کے مختلف علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں کامیاب رہی ہے جبکہ باقی بچے علاقوں سے دہشت گردوں کو نکال باہر کئے جانے کا عمل جاری ہے۔