آسمان امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے کا جشن ولادت
آسمان امامت و ولایت کے چوتھے درخشاں ستارے فرزند رسولۖ، پیغام رسان کربلا سیدالساجدین حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت عالم اسلام اور دنیا کے مختلف ملکوں میں جشن و سرور کی محلفیں سجی ہوئی ہیں۔
پانچ شعبان المعظم فرزند رسول اور واقعہ عاشورہ کے پیغام رساں حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن و سرور کا ماحول ہے اور ملک کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں کی مساجد، امام بارگاہوں اور مقدس مقامات میں محفل میلاد کا اہتمام کیا گیا ہے- مختلف عمارتوں اور سڑکوں کو نہایت خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور لوگ جگہ جگہ مٹھائیاں اور شربت تقسیم کر رہے ہیں۔
خوشی و مسرت کے اس پر مسرت موقع پر مشہد مقدس میں فرزند رسولۖ حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ اطہر میں غیر معمولی جشن کا سماں ہے اور ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں سے آئے ہوئے زائرین اس معنوی جشن میں شریک ہو کرحضرت اما م رضاعلیہ السلام کو ان کے جد بزرگوارحضرت امام زین العابدین علیہ السلام کے یوم ولادت کی مبارک باد پیش کر رہے ہیں۔
ایران اور دنیا کے دیگر ملکوں کے مسلمان عوام ان ایام میں اعیاد شعبانیہ یا شعبان کی عیدوں کے عنوان سے جشن مناتے ہیں اوراہل بیت عصمت و طہارت کے حضور اپنے والہانہ عشق وعقیدت کا اظہار کرتے ہیں-
پاکستان، ہندوستان، لبنان اورشام سمیت بہت سے ملکوں میں پانچ شعبان فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ الصلوات و السلام کا یوم ولادت پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔