Jan ۰۳, ۲۰۲۶ ۱۴:۲۰ Asia/Tehran
  • دشمن کے دباؤ کے سامنے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جائز احتجاج قابل فہم، اسلام، ایران اور اسلامی نظام کے خلاف انتشار پھیلانے کی کوشش ناقابل قبول:  رہبر انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ تاجر طبقہ اسلامی نظام اور انقلاب کے سب سے وفادار طبقات میں شامل ہے اور بازار کے نام پر اسلامی جمہوریہ کے خلاف کوئی کارروائی قابلِ قبول نہیں۔

سحرنیوز/ایران: تفصیلات کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ تاجر طبقہ اسلامی نظام اور انقلاب کے سب سے وفادار طبقات میں شامل ہے اور بازار کے نام پر اسلامی جمہوریہ کے خلاف کوئی کارروائی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کے دباؤ کے سامنے جھکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ رہبر انقلاب نے امیرالمومنین حضرت علیؑ کی ولادت باسعادت کے موقع پر بارہ روزہ جنگ کے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی، جس میں ہزاروں خاندانوں نے شرکت کی۔

رہبر انقلاب نے حالیہ احتجاجی اجتماعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں بڑی تعداد تاجروں کی تھی اور ان کے مطالبات اصولی اور درست تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجر طبقہ ملکی کرنسی کی قدر میں کمی، قیمتوں کے عدم استحکام اور کاروباری ماحول کی غیر یقینی صورتحال سے متاثر ہے، جس کے باعث ان کی تشویش بجا ہے اور اس حقیقت کو ملکی حکام بھی تسلیم کرتے ہیں۔

آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ صدر مملکت اور دیگر اعلیٰ حکام معاشی مسائل کے حل کے لئے سرگرم ہیں، تاہم ان مشکلات میں دشمن کے کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے زور دیا کہ غیر ملکی کرنسی کی قیمتوں میں غیر فطری اتار چڑھاؤ اور بے قابو اضافہ دشمن کی سازش کا نتیجہ ہے، جسے روکنے کے لئے مختلف سطحوں پر اقدامات جاری ہیں۔

رہبر انقلاب نے احتجاج اور بدامنی میں فرق واضح کرتے ہوئے کہا کہ جائز احتجاج قابل فہم ہے، مگر کچھ عناصر دشمن کے اشارے پر تاجروں کے مطالبات کو بنیاد بنا کر اسلام، ایران اور اسلامی نظام کے خلاف نعرے بازی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کرتے ہیں، جو ناقابل قبول ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پر امن احتجاج کرنے والوں سے بات چیت کرتے ہیں اور حکام کو بھی یہی کرنا چاہیے، مگر شرپسند عناصر سے گفتگو کا کوئی فائدہ نہیں، ایسے عناصر کو ان کی حد میں رکھنا ضروری ہے۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے دشمن کی چالوں سے ہوشیار رہنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن ہر موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہے، اس لئے قوم کا اتحاد، ایمان، اخلاص اور عملی میدان میں موجودگی فیصلہ کن اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے شہید قاسم سلیمانی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایمان، اخلاص اور عمل ہی وہ عناصر ہیں جو قوم کو مضبوط بناتے ہیں۔

ہمیں فالو کریں: 

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel

آخر میں رہبر انقلاب نے کہا کہ ایران اللہ پر بھروسے، عوامی حمایت اور قومی عزم کے ساتھ دشمن کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا اور اللہ کے فضل سے دشمن کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ٹیگس