دہشت گردوں کے خلاف عراق اور شام کی فورسز کی مشترکہ کارروائی
عراق کی عوامی رضاکار فورس نے کہا ہے کہ عراق اور شام کی مشترکہ سرحدوں پر شامی فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے خلاف کی جانے والی کارروائیاں کامیاب رہی ہیں۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ہیڈکوارٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ عراق کی عوامی رضاکار فورس نے ضروری ہم آہنگی انجام دینے کے بعد عراق اور شام کی مشترکہ سرحدوں کی جانب پیشقدمی کی اور اس مقام پر جا پہنچی جہاں شامی فوج سے ملنے کا وعدہ ہوا تھا-
عراق کی عوامی رضاکار فورس کا کہنا ہے کہ مشترکہ کامیاب کارروائی میں الحشد الشعبی نے مشترکہ سرحدوں کے ان وسیع علاقوں میں اپنے مورچے تیار کر لئے ہیں جہاں سے دہشت گرد گروہ کارروائیاں انجام دے سکتے تھے-
اس سے پہلے الحشد الشعبی کے مرکزی آپریشنل گروپ کے کمانڈر تحسین الحسینی نے کہا تھا کہ عراق اور شام کی مشترکہ سرحدوں پر دونوں جانب سے سیکورٹی ہم آہنگی پائی جا رہی ہے-
دو ہزار سترہ میں عراق میں داعش کی شکست کے باوجود ابھی بھی داعش کے باقی بچے عناصر عراق کے مختلف علاقوں میں روپوش ہیں اور وہ وقفے وقفے سے دہشت گردانہ کارروائیاں بھی انجام دیتے رہتے ہیں-