May ۳۰, ۲۰۱۹ ۱۲:۰۵ Asia/Tehran
  • ایران کی بدولت آج دنیا میں القدس کو یاد رکھا جا رہا ہے: پاکستانی وزیر

سیمینار سے سینیٹر فرحت اللہ بابر، وفاقی وزیر شیریں مزاری، علامہ ناصر عباس جعفری، نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم اور دیگر نے خطاب کیا۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے زیر اہتمام اسلام آباد میں القدس سیمینار کا اہتمام کیا گیا جس سے مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوں نے خطاب کیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کی وفاقی وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ القدس سمیت تمام مسائل کے حل کے لیے مسلمانوں کا اتحاد بنیادی شرط ہے، ہمیں ایران کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیئے، جس کی بدولت آج دنیا بھر میں القدس کو یاد رکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یمن کے حوالے سے ہمارا موقف اور پالیسی بالکل واضح ہے ہم نے اس جنگ میں فریق نہیں بننا۔ او آئی سی کا نام بدل کراس میں غیر مسلم ممالک کو حصہ بننے کا موقع فراہم کردیا گیا ہے جو اس تنظیم کو کمزور کرے گا۔

نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے شرکائے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کی مسئلہ فلسطین کو زندہ رکھنے کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔ حضرت روح اللہ امام خمینی(رح) نے مسئلہ قدس کو کرپٹ حکمرانوں سے نکال کرعوام کے ہاتھ میں دیا۔ فلسطین ایک ریاست ہے جس کا دارالحکومت بیت المقدس ہے، اسرائیل صرف قابض ہے اور ہم ہرگزاسرائیل کو تسلیم نہیں کریں گے۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے القدس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان سفارتی سطح پر مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے میں کردارادا کرے، مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا مسئلہ ہے، اسے چند عرب ممالک ذاتی حیثیت سے طے نہیں کرسکتے۔ صدی ڈیل کو کوئی بھی مزاحتمی تحریک نہیں مانتی اورجو بھی ٹرمپ کی ڈیل کو مانے گا وہ خائن تصور ہوگااس لئے کہ ڈیل آف سینچری مظلوم فلسطینوں کی سرزمین چھیننے کا منصوبہ ہے جسے کچھ ناعاقبت اندیش عرب حکمرانوں کی مدد حاصل ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ فلسطین پر صرف فلسطینوں کا حق ہے۔ قدس پر قبضہ کرنے والوں کی کوشش تھی کہ مسئلہ فلسطین کو قصہ پارینہ بنا دیا جائے۔ ہم نے اس مسئلے کو فراموش نہیں ہونے دینا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیل آف سینچری کے ذریعے اسرائیلی کو جغرافیائی اعتبار سے توسیع دینے کی کوشش کی جا رہی ہے یہ منصوبہ کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا۔ اس وقت مزاحمتی بلاک پہلے سے بہت زیادہ طاقتور ہے، جسے استکباری قوتیں شکست نہیں دے سکتیں، یہی وجہ ہے کہ اسرائیل سخت خوفزدہ ہے۔

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ ایران میں اسلامی انقلاب آیا تو حضرت امام خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ نے اسرائیل کا سفارتخانہ بند کرکے یاسرعرفات کو عمارت دے دی، تاکہ فلسطین کا سفارتخانہ کھولا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پر جمعہ کے روز القدس ریلیاں نکلیں گی اور مظلوموں کی حمایت کیلئے سڑکوں پر نکلیں گے۔

ٹیگس