شام اور عراق کے سرحدی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع
شام کی سرحد سے متصل عراقی سرحدی علاقوں سے دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے لئے عراقی فوج کی کارروائیوں کے ساتھ ہی شامی فوج سے وابستہ نیم فوجی ملیشیا کے دستے بھی عراق سے متصل شامی سرحدوں کی جانب روانہ ہو گئے ہیں تاکہ ان علاقوں سے بھی داعش کا صفایا کیا جا سکے۔
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ عراق سے ملنے والی شام کی سرحدوں کے قریب کےعلاقوں کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لئے شامی فوج سے وابستہ نیم فوجی ملیشیا کے دستے صوبہ دیرالزور سے سرحدی علاقوں کے لئے روانہ ہو گئے ہیں-
عراقی فوج کی مشترکہ کمان نے اتوار کو اعلان کیا تھا کہ وہ عراق کے تین صوبوں نینوا، صلاح الدین اور کرکوک میں شام کی سرحدوں کے قریب کےعلاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کر رہی ہے-
دوسری جانب شام کے اخبار الوطن نے بھی لکھا ہے کہ امریکی حمایت یافتہ کرد ملیشیا اپنے علیحدگی پسندوں کے منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لئے امریکا سے مسلسل ہتھیار اورلاجسٹیک سپورٹ حاصل کر رہی ہے-
خبروں میں بتایا گیا ہے کہ پچھلے دنوں ہتھیاروں سے لدے ہوئے دسیوں ٹرک سمیلکا بارڈر سے شام کے اندر داخل ہوئے ہیں-
واضح رہے کہ امریکا اب تک کئی بار اپنی حمایت یافتہ کرد ملیشیا کو ہتھیار ارسال کر چکا ہے -