امریکی فوج کو ملک سے باہر نکلنا ہوگا: عراقی کمانڈر
Jul ۲۷, ۲۰۱۹ ۲۱:۱۹ Asia/Tehran
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشد الشعبی کے ایک کمانڈر نے عراق سے امریکی فوجیوں کے انخلا کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے ایک کمانڈرمعین کاظمی نے کہا ہے کہ امریکہ کو ہرگز اس بات کی اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عراق کی سرزمین کو کسی پڑوسی ملک کے خلاف جارحیت کے لئے استعمال کر سکے۔
انھوں نے عراق میں امریکی فوجیوں پر ممکنہ حملوں پر واشنگٹن کی تشویش کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کو چاہئے کہ عراق سے واپس چلے جائیں۔
بغداد میں امریکی سفیر نے عراق میں امریکی فوجیوں پر حملوں سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکی فوجیوں پر حملوں کے سخت نتائج برآمد ہوں گے۔
عراق سے ہی ایک اور خبر یہ ہے کہ صوبے دیالہ کے علما یونین کے سربراہ جبار المعموری نے بعقوبہ میں امریکی فوجیوں کی نقل و حرکت پر شکوک و شبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اس علاقے میں اپنا قونصل خانہ کھولنے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔
عراق کے الانبار اور دیالہ علاقوں میں ایسی حالت میں امریکی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ وہ عراق سے امریکی فوجیوں کو واپس بلانے کا کوئی ارادہ نہں رکھتے۔