Aug ۰۶, ۲۰۱۹ ۲۱:۵۸ Asia/Tehran
  •  مزید چالیس فلسطینی بھوک ہڑتال میں شامل

اسرائیلی جلیوں میں بند مزید چالیس فلسطینی بھوک ہڑتال میں شامل ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق صحرائے نقب کی جیل میں بند چالیس فلسطینیوں نے ایک ماہ سے جاری دوسرے بھوک ہڑتالی فلسطینی قیدیوں کی حمایت میں خود بھی بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔
اسی دوران اطلاعات ہیں کہ صیہونی فوجیوں نے صحرائے نقب میں واقع عوفر کی حراست گاہ میں بند فلسطینیوں پر حملہ کر دیا جس کا مقصد قیدیوں کی تحریک کے قائدین کو دوسری جیلوں میں منتقل کرنا ہے۔
قیدیوں کے امور کی نگرانی کرنے والے فلسطینی مرکز کے سربراہ قدورہ فارس نے عوفر جیل کی صورت حال کو انتہائی تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ صیہونی حکام کی بدسلوکی کی وجہ سے ہڑتال کرنے والے قیدیوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قیدیوں کے حوصلے پست کرنے کی کوئی بھی کوشش اب تک کامیاب نہیں ہو سکی ہے اور صیہونیوں کو مسلسل ناکامی کا سامنا ہے۔
جہاد اسلامی فلسطین کے سینیئر رکن احمد مدلل نے کہا ہے کہ جب تک ایک بھی فلسطینی اسرائیل کی قید میں موجود ہے مزاحمتی تحریکیں اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فوجیوں نے ایک سو انچاسویں بار صحرائے نقب میں واقع فلسطینی گاؤں العراقیب کو مسمار اور بے گھر ہو نے والے فلسطینیوں کے کیمپ اکھاڑ پھینکے۔
اعداد وشمار کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جولائی کے مہینے میں فلسطینیوں کے مکانات منہدم کرنے کی تینتالیس کارروائیاں انجام دی ہیں۔
صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کے گھروں کو منہدم کرنے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ ماہ مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے صور باہر میں قائم فلسطینیوں کے سو مکانات منہدم کر دیے تھے جس کے نتیجے میں سیکڑوں فلسطینی بے گھر ہوگئے تھے۔
درایں اثنا فلسطین کے مفتی شیخ محمد حسین نے مسجد الاقصی کا تشخص تبدیل کرنے کی اسرائیلی سازش کی بابت سخت خبردار کیا ہے۔
شیخ محمد حسین نے صدائے فلسطین ریڈیو کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انتہا پسند صیہونی گروہوں نے اپنے حامیوں کی مدد سے اس روز کو  کہ جس دن مسجد الاقصی پر حملہ کیا ہے، یوم انہدام ہیکل سلیمانی کا نام دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتہا پسند صیہونیوں کی کوشش ہے کہ مسجد الاقصی کا انتظام اسلامی اوقاف سے چھین لیا جائے تاکہ اس مقدس مقام کا تشخص تبدیل اور نئی صورتحال مسلط کی جاسکے۔
صیہونی حکومت کئی عشروں سے نام نہاد ہیکل سلیمانی کی تلاش کے بہانے مسجد الاقصی کو نابود کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

 

ٹیگس