Aug ۱۰, ۲۰۱۹ ۰۸:۴۷ Asia/Tehran
  • مناسک حج کی ادائیگی حجاج میدان عرفات کی جانب رواں دواں

دنیا بھر سے تقریباً 20 لاکھ عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب پہنچے ہیں۔

دنیا بھر سے آئے ہوئے تقریبا 20 لاکھ عازمین حج لبیک اللھم لبیک، لبیک لا شریک لک لبیک کے ورد کے ساتھ منیٰ سے حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات پہنچ رہے ہیں اور یہ سلسلہ دوپہر تک جاری رہے گا۔

لاکھوں عازمین حج آج میدان عرفات میں سورج غروب ہونے تک عبادات و مناجات میں مصروف ہوں گے۔

میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں عازمین حج امام صاحب کا خطبہ حج سنیں گے اور ظہر اور عصر کی نمازایک ساتھ ادا کریں گے۔ وہ غروب آفتاب تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔ یہاں وہ دن بھر ذکر واذکار اور عبادات میں مصروف رہیں گے اور اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں گے۔

سورج غروب ہوتے ہی عازمین مزدلفہ کا رخ کریں گے اور وہاں پہنچ کر وہ مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ حجاج مزدلفہ میں رات کھلے آسمان تلے گذاریں گے اور رمی جمرات کے لئے 70عدد کنکریاں چنیں گے۔ حجاج کرام یہاں اپنے رب کے حضور مناجات کے ساتھ سنت کے مطابق آرام بھی کریں گے۔

حجاج کرام اتوار یعنی 10 ذی الحجہ کو نمازِ فجر ادا کرنے کے بعد سورج طلوع ہونے تک مناجات کریں گے، وہ اللہ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگیں گے۔ اس عمل کے بعد حجاج کرام عقبہ جمرہ کو کنکریاں مارنے کے لیے منیٰ واپس آجائیں گے اور منیٰ میں حرم کی جانب واقع جمرات کمپلیکس میں صرف بڑے جمرہ یعنی بڑے شیطان کو7 عدد کنکریاں ماریں گے۔جبکہ عازمین نے 8 ذی الحجہ کا دن منیٰ میں اپنے خیموں میں گزارا۔

 

ٹیگس