Aug ۲۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۳۰ Asia/Tehran
  • کشمیر پر رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کا پاک و ہند کے ذرائع ابلاغ میں انعکاس

کشمیر کی صورتحال پر رہبر انقلاب اسلامی کے بیان کا پاکستان اور ہندوستان کے ذرائع ابلاغ میں وسیع پیمانے پرانعکاس ہوا ہے۔

سب سے پہلے پاکستانی اخبارات پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

پاکستان سے شائع ہونے والے اخبار ایکسپریس کی شہ سرخی:

 کشمیر میں مسلمانوں کی حالت زار پر سخت تشویش ہے، آیت اللہ العظمی خامنہ ای

ایران کے روحانی پیشوا آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے صدر حسن روحانی اور دیگر کابینہ ارکان کے ساتھ اہم ملاقات میں کشمیر میں ہندوستانی اقدام سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستانی حکومت کو کشمیر میں مظلوم اور نہتے عوام کے خلاف جارحانہ پالیسی بدلنے کا مطالبہ کیا۔

ایران کے سپریم لیڈر نے فرمایا کہ ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات قائم ہیں تاہم ایران کشمیر میں مسلمانوں کیلئے فکر مند ہے اور ہندوستان سے معصوم شہریوں کو ان کو آئین میں حاصل حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بات کریں گے۔ مسئلہ کشمیر دراصل برطانیہ کی جانب سے انخلاء کے وقت جان بوجھ کر چھوڑا گیا تاکہ خطے میں اتحاد و اتفاق پنپنے نہ پائے۔

اور اب پاکستانی ویب سائٹ اور اخبار دنیا :

ایران کے سپریم لیڈر سیّد علی خامنہ ای نے فرمایا ہے کہ ہندوستان کشمیر پر سے دباؤ ختم کرے۔

ایرانی سپریم لیڈر سیّد علی خامنہ ای نے کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ ہندوستان وادی کے لیے شفاف پالیسی اختیار کرے۔

انہوں نے فرمایا کہ پاکستان اور ہندوستان کو الجھائے رکھنے کے لیے برطانیہ نے جان بوجھ کر مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کیا۔ تناؤ کو طول دینے کے لیے برطانیہ نے مسئلہ کو بغیر حل کے رہنے دیا۔

اور اب پاکستان سے شائع ہونے والے ایک اور اخبار اور ویب سائٹ ڈان کی شہ سرخی

ہندوستان، کشمیر میں منصفانہ پالیسی اختیار کرے، ایران

   ایران کے سپریم لیڈر اور روحانی پیشوا آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کشمیر میں کشیدگی پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان پر زور دیا ہے کہ وہ مسلم اکثریتی علاقے میں ’منصفانہ پالیسی‘ اختیار کرے۔

ایرانی صدر حسن روحانی اوران کی کابینہ سے ملاقات کے بعد انہوں نے فرمایا کہ  ہندوستانی حکومت سے ہمارے خوشگوار تعلقات ہیں لیکن نئی دہلی کو کشمیر میں منصفانہ پالیسی اختیار کرنا چاہیے تاکہ خطے کے مسلمان کسی دباؤ میں نہ رہیں۔

آیت اللہ العظمی خامنہ ای  نے فرمایا کہ برطانیہ نے قصداً مسئلہ کشمیر کا تنازع کھڑا کیا تھا۔

اور اب ہندوستان سے شائع ہونے والے اخبار انقلاب کی شہ سرخی

ایران کے سپریم لیڈر کی مسئلہ کشمیر پر اظہار تشویش

ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ العظمی خامنہ ای نے کشمیر میں ہندوستان کے اقدام سے پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال پرتشویش کا اظہارکرتے ہوئے فرمایا کہ ایران کے ہندوستان کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہیں تاہم ایران کشمیریوں کیلئے فکر مند ہے۔  انہوں نے فرمایا کہ ہندوستان  کشمیری عوام کی آئینی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائے۔ ہندوستان کشمیر میں منصفانہ پانیسی اپنائے اور اس علاقے کے عوام سے طاقت کی زبان میں بات نہ کی جائے۔

واضح رہے کہ ہندوستان نے 5 اگست کو کشمیر کو آئین میں حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کرکے مسلسل 17 دن سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے جس سے کشمیریوں کو سخت مسائل و مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

ٹیگس