Sep ۱۶, ۲۰۱۹ ۱۹:۳۷ Asia/Tehran
  • حوزہ علمیہ قم کے ساتھ 1000 دینی مدارس کے رابطے اور  تعاون

حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا کے اسّی ملکوں کے علمی مراکز اور مدارس دینی تعلیمات کے میدان میں حوزہ علمیہ قم کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ایران کے حوزہ علمیہ کے سربراہ آیت اللہ اعرافی نے پیر کو ایران کے صوبہ مغربی آذربائیجان کے حوزہ علمیہ کے نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر ارومیہ شہر میں اپنے خطاب میں کہا کہ حوزہ علمیہ قم نے دنیا کے مختلف ملکوں کے ساتھ تعاون کے لئے گذشتہ برسوں کے دوران وسیع اقدامات انجام دئے ہیں اور اس کے اچھے نتائج بھی سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اس وقت ایک سو تیس ملکوں کے ہزاروں طلبا ایران کے حوزہ علمیہ سے وابستہ دینی مدارس میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں کہا کہ گذشتہ چالیس برسوں کے دوران مدارس اور طلبا کی تعداد میں اضافہ اور گرانقدر کتابوں اور مقالوں کی تصنیف و تالیف اور اسلامی تعلیمات کے ساتھ ساتھ دنیوی تعلیمات کی بھی دینی مدارس میں تعلیم و تدریس پر خاص توجہ دی گئی ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے مسلمانوں کے درمیان مسلکی اختلافات پیدا کئے جانے کو سامراجی طاقتوں کی سازش قراردیا اور کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ اس طرح کی سازشوں سے ہوشیار رہیں اور اپنی صفوں میں اتحاد قائم کرکے سامراجی طاقتوں کی سازشوں کو ناکام بنادیں۔ 

 

ٹیگس