افغانستان میں مذاکرات کی بحالی پر تاکید
چین، روس، پاکستان اورامریکا نے افغانستان میں مذاکرات کی بحالی پر تاکید کی ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کی میزبانی میں ماسکو میں 4 ممالک کے درمیان افغانستان میں قیام امن کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں روس، چین، امریکا اور پاکستان کے مندوبین نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے واحد راستہ مذاکرات ہی ہیں۔
شرکاء نے طالبان اور امریکی وفد کے مابین مذاکرات کی بحالی پر اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ تعطل کے شکار امن مذاکرات کو امریکا حتمی شکل دے کیوں کہ امریکا کی جانب سے ہی مذاکرات کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ افغان امن مذاکرات اب چین میں آئندہ ہفتے ہوں گے جس میں افغانستان کے مختلف متحارب گروپوں کی شرکت متوقع ہے۔ کچھ حلقوں کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ امریکی صدر کے سخت رویے کے باعث چین میں ہونے والے مذاکرات بھی تعطل کا شکار ہوسکتے ہیں۔
اجلاس میں امریکا کی جانب سے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان زلمے خلیل زاد، پاکستان کے محمد اعجاز اور چین کے ہوائے چنگ نے شرکت کی۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغان امن مذاکرات ختم کرنے کے بعد سے افغانستان کی صورت حال پر تبادلہ خیال کا یہ پہلا موقع تھا۔