شام کے آئین کا جائزہ لینے کے لئے قائم کمیٹی کا اجلاس شروع
جنیوا میں شام کے آئین کا جائزہ لینے کے لئے قائم کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا ہے
شام کے امور میں اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے گیر پیٹرسن نے اس اجلاس کے آغاز پر کہا کہ شام کے آئین کی جائزہ کمیٹی کا کام شروع کردینا ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس چوّن کے تناظر میں اس ملک کے بحران کے سیاسی حل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ پیٹرسن نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ شام کے عوام کو اپنے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق ہے کہا کہ آئین کی کمیٹی کی ذمہ داری ، آئین کی تدوین اور اسے ریفرنڈم کے لئے پیش کرنا ہے۔یہ اجلاس جس میں آئین کی جائزہ کمیٹی کے ایک سو پچاس اراکین شریک ہیں ، جمعے تک جاری رہے گا۔شام کے آئین کی کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کو جنیوا میں اقوام متحدہ میں شروع ہوا تھا جس میں حکومت ، مخالفین اور شہری سماج کے ایک سو پچاس نمائندے شریک ہیں۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے دوہزار پندرہ میں قرارداد بائیس چوّن منظور کی تھی جس میں شام میں سیاسی منتقلی کا روڈ میپ پیش کیا گیا ہے۔