Jan ۰۱, ۲۰۲۰ ۰۷:۵۵ Asia/Tehran
  • حضرت زینب (س) کی ولادت با سعادت اور نرسنگ ڈے مبارک ہو

کربلا کی شیر دل خاتون ثانی زہرا جناب زینب کبری سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے اسلامی جمہوریہ ایران میں ہر طرف جشن منایا جا رہا ہے۔

ثانئ زہرا حضرت زینب کبری سلام اللہ علیھا پیدائشی طور پرغیر معمولی فہم و فراست کی حامل تھیں اور صبر و استقامت و ایثار کی پیکر تھیں۔

کربلا کی شیر دل خاتون حضرت زینب کبری (س) 5 جمادی الاول 1438 ہجری قمری کو اس دنیا میں تشریف لائیں۔

پیغام عاشورا کی محافظ حضرت زینب کبری سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے ایران کے سبھی چھوٹے بڑے شہروں میں محافل جشن کا سلسلہ جو کل رات سے شروع ہوا بدستورجاری ہے- اسی مناسبت سے مرکزی اجتماعات مشہد مقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں منعقد ہورہے ہیں-

دوسری جانب شام کے دارالحکومت دمشق کے علاقے زینبیہ میں بھی حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے حرم میں اسی مناسبت سے شاندار جشن کا اہتمام کیا گیا-

اس موقع پر مداحان اہل بیت، حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے حضور منظوم نذرانہ عقیدت پیش کر رہے ہیں جبکہ ذاکرین اور علما جناب ثانی زہرا کے فضائل و مناقب کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈال رہے ہیں-

خاندان نبوت میں ولادت پانے والی اسی بچی کو تاریخ حضرت زینب بنت علی (ع) کے نام سے یاد کرتی ہے۔ مہد سے لے کر لحد تک آپ (سلام اللہ علیہا) کی پوری زندگی ایثار و قربانی، جہدِ مسلسل، صبر و رضا اور جہاد فی سبیل اللہ سے عبارت ہے۔ آپ کی زندگی کا ہرلمحہ داستانِ الم کے ساتھ ساتھ افسانوی صبر و تحمل کا حامل ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں حضرت زینب (س) کی ولادت با سعادت کو نرسنگ ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔

سحرعالمی نیٹ ورک کربلا کی شیر دل خاتون حضرت زینب کبری(س) کی ولادت باسعادت کے اس پر مسرت موقع پر دنیا بھر کے آزاد منش انسانوں، راہ حق و حقیقت پر گامزن رہنے والوں اور آپ عزیز سامعین وناظرین کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہے۔

 

ٹیگس