رہبرانقلاب اسلامی کے نام شام کے صدر بشار اسد کا تعزیتی پیغام
شام کے صدر بشار اسد نے رہبرانقلاب اسلامی کے نام اپنے پیغام میں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت پر تعزیت پیش کی اور کہا ہے کہ شام کے عوام شہید سلیمانی کی دلیری اور فداکاریوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے-
شام کے صدر بشاراسد نے جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی مناسبت سے اپنے تعزیتی پیغام میں لکھا ہے کہ امریکا کے اس مجرمانہ اقدام سے علاقے میں واشنگٹن کی تباہ کن پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کا مشن جاری رکھنے کے تعلق سے استقامتی محاذ کا عزم مزید پختہ ہوگا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ استقامتی محاذ دنیا کی ظالم اور جارح قوتوں کے مقابلے میں اور زیادہ ثابت قدمی سے ڈٹا رہےگا -
شام کے صدر بشار اسد نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے قدس بریگیڈ کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی نے اپنی پوری زندگی ملک و قوم اور استقامتی محاذ کی خدمت نیز دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف جنگ میں اقوام کی برحق امنگوں کی حمایت میں بسر کی -
شامی صدر نے کہا کہ شام کے عوام جنرل قاسم سلیمانی کو جنھوں نے دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں شام کے دفاع کے لئے شامی فوج اور اس کے اتحادیوں کا بھرپور ساتھ دیا کبھی بھی فراموش نہیں کرسکتے ۔