Jan ۲۸, ۲۰۲۰ ۱۰:۱۰ Asia/Tehran
  • افغان صدر اشرف غنی کے ٹوئیٹ پر پاکستان کا رد عمل

پاکستان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ افغان صدر اشرف غنی کے حالیہ ٹوئٹس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان نے افغان صدر اشرف غنی کے حالیہ ٹوئیٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسے بیانات دونوں ملکوں کے دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے معاون نہیں ہو سکتے۔

عائشہ فاروقی نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ عدم مداخلت کے اصولوں کی بنیاد پر قریبی اور خوشگوار تعلقات کے خواہاں ہیں۔ افغانستان اور خطے میں امن واستحکام کے مشترکہ مقصد کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ افغان صدر اشرف غنی نے اپنے ٹوئیٹر پیج پر پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے سربراہ منظور پشتین کی گرفتاری پر دکھ کا اظہار کیا تھا۔

انہوں نے پی ٹی ایم سربراہ کی جلد رہائی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے کی حکومتوں کو لازمی طور پر پرامن شہری تحاریک کی حمایت اور ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کو پشاور پولیس نے شاہین ٹاؤن سے گرفتار کیا تھا۔

 

ٹیگس