عالمی ادارہ صحت سیاسی کھیل سے اجتناب کرے: شام
شام نے عالمی ادارہ صحت سے کہا ہے کہ وہ سیاسی کھیل سے اجتناب کرتے ہوئے اپنے انسانی فرائض پر توجہ دے۔
فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل المقداد نے شام میں عالمی ادارہ صحت کی نو منتخب خاتون نمائندہ اکجمان مختوموفا سے ملاقات میں کہا کہ اس ادارے کو ہر قسم کے سیاسی کھیل سے دور رہتے ہوئے اپنے انسانی فرائض ادا کرنے چاہئیں۔
انہوں نے ساتھ ہی دنیا بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کے باوجود عالمی ادارہ صحت کے خلاف امریکی الزامات اور اقدامات کی بھی مذمت کی۔المقداد نے شام کے خلاف عائد امریکہ اور اسکے یورپی اتحادیوں کی پابندیوں کو غیر انسانی اور غیر اخلاقی قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ یہ پابندیاں اقوام متحدہ کے منشور کے بھی خلاف ہیں۔
اس ملاقات میں عالمی ادارہ صحت کی خاتون نمائندہ نے بھی صحت کے شعبے میں شامی حکومت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے اعلان کیا کہ یہ ادارہ کورونا کی روک تھام کے لئے درکار طبی وسائل شام کے لئے فراہم کرے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اب تک شام میں کل سینتالیس افراد کورونا میں مبتلا ہوئے کہ جن میں سے تین کو اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا ہے۔