Jun ۲۵, ۲۰۲۰ ۱۹:۲۴ Asia/Tehran
  • امریکی فوج کے انخلا سے کوئی فرق نہیں پڑگا: افغان صدر

افغانستان کے صدر نے کہا ہے کہ امریکی فوجیوں کے انخلا کے حوالے سے حکومت کو کوئی تشویش نہیں ہے۔

صدر اشرف غنی نے ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی افغانستان کی مسلح افواج اور سیکورٹی ادارے ملکی سلامتی کے تحفظ کی پوری توانائی رکھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی  کہ حکومت اور طالبان کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ مکمل ہوتے ہوئے بین الافغانی مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

دوسری جانب افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ عبداللہ عبداللہ نے بین الافغانی مذاکرات کے آغاز کو ضروری قرار دیا ہے۔ کابل میں امن کے بارے میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ ان کی حکومت، بین الافغانی مذاکرات کا غیر مشروط انعقاد چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا طالبان کو بھی چاہیے کہ وہ ملکی آئین کے تحت ایک شخص ایک ووٹ کے اصول کو تسلیم کرلیں۔

افغانستان کی اعلی مصالحتی کونسل کے سربراہ نے مزید کہا کہ مذاکرات سے قبل طالبان کی جانب سے پر تشدد اقدامات میں تیزی کا اچھا نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کے اقدامات سے بین الافغانی مذاکرات کو دھچکا لگے گا۔ عبداللہ عبداللہ نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام مکمل اتفاق رائے اور قومی عزم کے ذریعے ممکن ہے اور تمام فریقوں کو لچک اور برداشت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

ٹیگس