Jul ۲۲, ۲۰۲۰ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • غرب اردن کے علاقوں کی مقبوضہ علاقوں میں شمولیت کا منصوبہ ملتوی

غاصب صیہونی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی بنا پر غرب اردن کے علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کے اپنے سازشی منصوبے کو فی الحال اپنے ایجنڈے سے نکال دیا ہے۔

القدس ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق غاصب صیہونی حکومت کے وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے اعلان کیا ہے کہ غرب اردن کے علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کے منصوبے کو فی الحال تل ابیب کے ایجنڈے سے نکال دیا گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل کو فی الحال کورونا وائرس پھیلنے کی دوسری لہر کا سامنا ہے اور وہ اس سلسلے میں پیدا ہونے والے مسائل سے دوچار ہے۔ صیہونی حکومت کے وزیراعظم نتن یاہو نے بھی اس سے پہلے اعلان کیا تھا کہ فی الحال وہ غرب اردن کو مقبوضہ علاقوں میں ضم کرنے کے منصوبے پر کام نہیں کریں گے -

جاری کئے جانے والے تازہ ترین اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ مقبوضہ فلسطین میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد چّون ہزار بیالیس ہے جن میں سے چار سو پچیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

 غاصب صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے غرب اردن کے علاقوں کو مقبوضہ علاقوں میں شامل کرنے کے اپنے منصوبے پر یکم جولائی سے عمل کرنے کا اعلان کیا تھا مگر اس شرمناک منصوبے کے تعلق سے صیہونی حکومت پر پڑنے والے بین الاقوامی دباؤ کی بنا پر وہ اب تک اس منصوبے پر عمل نہیں کر پائے اور اس منصوبے کو ملتوی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

دریں اثنا فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس  کے ترجمان نے حماس کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکہ کے نمائندے کیلی کرافٹ کے بیان کو جھوٹ، سفسطہ اور سیاسی غنڈہ گردی قراردیا ہے. اقوام متحدہ میں امریکہ کے نمائندے کیلی کرافٹ نے منگل کے روز فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے خلاف الزامات عائد کرتے ہوئے اس تحریک کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا اور کہا کہ غزہ کے بیس لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی ابتر صورت حال کی ذمہ دار تحریک حماس ہی ہے۔

القدس العربی کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا ہے کہ  تحریک حماس کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکہ کے نمائندے کیلی کرافٹ کا بیان مظلوم فلسطینی قوم کے خلاف غاصب صیہونی حکومت کے غیر انسانی اور وحشیانہ جرائم کی سیاہ تصاویر کو صحیح بنا کر پیش کرنے کی ایک ناکام کوشش ہے۔

حازم قاسم نے تاکید کے ساتھ کہا کہ تحریک حماس کے خلاف اقوام متحدہ میں امریکہ کے نمائندے کیلی کرافٹ کے بیان کا مقصد غزہ کے ظالمانہ محاصرے کے سلسلے میں غاصب صیہونی حکومت کو بری الذمہ ظاہر کرنے کی ایک کوشش ہے۔

 فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا کہ حکومت امریکہ غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی حمایت کر کے مظلوم فلسطینی قوم کے خلاف غیر انسانی جرائم میں برابر کی شریک ہے۔

قابل ذکر ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی غاصب و ظالم نیز غیر قانونی و جعلی صیہونی حکومت نے دو ہزار چھے سے غزہ کے مظلوم فلسطینی عوام کا سخت ترین ہمہ جہتی محاصرہ کر رکھا ہے۔

 

دنیا بالخصوص عالم اسلام اور علاقے کی اہم خبروں کے لیے ہمارا واٹس ایپ گروپ جوائن کیجئے!

Whatsapp invitation link

7: https://chat.whatsapp.com/CHPuYaKdUxCGK4bzQDsJf4

ٹیگس